لاہور: مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر معطل


لاہور (قدرت روزنامہ)آج ضمنی انتخابات کے موقع پر لاہور کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر معطل ہو گئی۔لاہور کے علاقوں نسبت روڈ، موچی دروازہ، گوالمنڈی، مصری شاہ، داتا نگر، ڈیوس روڈ، شاہ عالم مارکیٹ کے علاقوں میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہوئی ہے۔
اس کے علاوہ ریلوےروڈ فیض پارک، ویلنشیا ٹاؤن، واپڈا ٹاؤن، کاہنہ اور فیروز پور روڈ کے چند علاقوں میں انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر معطل ہے۔ باغبانپورہ، مرغی خانہ چوک اور صدر کے کچھ علاقوں میں بھی انٹرنیٹ متاثر ہے۔
واضح رہے کہ وزارتِ داخلہ کی ہدایات کی روشنی میں ضمنی انتخابات کے دوران پنجاب اور بلوچستان کے چند اضلاع میں موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل رہے گی، تاہم لینڈ لائن نیٹ سروسز بحال رہیں گی۔
ملک کے مختلف علاقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا آغاز ہو گیا، قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر ووٹنگ کا عمل شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔
قومی اسمبلی کے جن حلقوں میں ضمنی انتخاب ہورہا ہے ان میں پنجاب کے 2، خیبر پختونخوا کے 2 اور سندھ کا ایک حلقہ شامل ہے۔ صوبائی اسمبلیوں کی جن نشستوں پر ضمنی الیکشن ہو رہا ہے ان میں پنجاب اسمبلی کی 12، بلوچستان اور سندھ کی 2، 2 نشستیں شامل ہیں۔