کراچی میں غیرملکیوں کی وین پرخودکش حملے کے 3 مقدمات درج


کراچی(قدرت روزنامہ)لانڈھی مانسہرہ کالونی میں غیرملکیوں کی وین پرخودکش حملہ کرنے سے متعلق 3 مقدمات کاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ میں درج کرلیے گئے۔ مقدمات ایس ایچ اوشرافی گوٹھ ارشد اعوان کی مدعیت میں درج کیے گئے جن میں قتل،اقدام قتل،پولیس مقابلےانسداد دہشت گردی،املاک کو نقصان پہچانے اورایکسپلوزیو ایکٹ سمت دیگر دفعات شامل کی گئیں۔
مقدمات میں ہلاک دہشتگردوں، ان کے سہولت کاروں و ماسٹر مائنڈز کو نامزد کیا گیا ۔ پہلامقدمہ خودکش حملے کا ، دوسرا دہشتگردوں سے ملنے والے اسلحے کا ، تیسرا دھماکا خیز مواد اور گرنیڈز کادرج کیا گیا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق غیر ملکیوں کے زیر استعمال تین گاڑیوں اور ایک سوزوکی پک اپ اور ایک موٹر سائیکل کو دھماکے سے نقصان پہنچا موقع سے ہلاک دہشتگردوں کی موٹر سائیکل پولیس نے قبضے میں لی۔
پولیس فائرنگ سے ہلاک ہونے والے دہشتگرد کی شناخت سہیل احمد کے نام سے کی گئی۔ دہشتگردکے بیگ سے 4 ہینڈ گرنیڈ،ایک آرجی ڈی ،3رائفل گرنیڈ،ایک ایس ایم جی رائفل گرنیڈ اورمتعدد گرنیڈز برآمد ہوئے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے ایک ایس ایم جی رائفل بمعہ گولیاں برآمد کی گئی ۔ ایک دہشت گرد کے کندھے پر پہنے ہوئے بیگ سے 4ایس ایم جی اور دیگر اسلحہ برآمد ہوا۔