شعبہ صحت کے حوالے سے اقدامات: وزیراعظم کی سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز اور محمد بن سلمان کی پذیرائی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ریاض میں عالمی اقتصادی فورم میں عالمی صحت کے ایجنڈے پر گفتگو کرتے ہوئے خادم الحرمین شریفین، سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے صحت کے شعبے کے حوالے سے اقدامات کو زبردست انداز میں سراہا .
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں بل گیٹس فاؤنڈیشن کے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے اقدامات پر بل گیٹس کو خراجِ تحسین پیش کیا .
وزیراعظم نے اتوار کو ہونے والے فورم میں صحت کے حوالے سے گفتگو کے اختتام پر خادم الحرمین شریفین، سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے صحت کے شعبے کے حوالے سے اقدامات کی خصوصی پذیرائی کی .
انہوں نے کہاکہ سعودی فرمانروا اور سعودی ولی عہد اپنے اقدامات سے دکھی انسانیت کی مدد کررہے ہیں .
وزیراعظم کا بل گیٹس کو خراج تحسین
اس موقع پر وزیرِ اعظم نے بل گیٹس فاؤنڈیشن کے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے اقدامات پر شرکا میں موجود بل گیٹس کو خصوصی خراجِ تحسین پیش کیا .
وزیراعظم نے کہاکہ ایسے موقع پر اگر میں بل گیٹس کے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے اقدامات کا ذکر نہیں کرتا تو یہ منصفانہ بات نہ ہوگی .
بل گیٹس فاؤنڈیشن ہر سال لاکھوں بچوں کو ویکسین کی فراہمی یقینی بناتی ہے
انہوں نے کہاکہ بِل گیٹس فاؤنڈیشن کی فراخدلی ہے کہ ہر سال پاکستان میں لاکھوں بچوں کو پولیو ویکسین کی فراہمی یقینی بنائی جاتی ہے .
وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ سال 2022 میں جب پاکستان میں بڑے پیمانے پر سیلاب نے تباہی برپا کی تو بل گیٹس فاؤنڈیشن اور حکومتِ پاکستان نے اپنی کوششیں جاری رکھیں اور بچوں کو انسداد پولیو ویکسین فراہم کی .
انہوں نے کہاکہ مجھے پوری امید ہے کہ اگر ہم اسی طرح اپنی کوششیں جاری رکھیں گے تو جلد پاکستان سے پولیو کا خاتمہ ہو جائے گا .