پشین میں پولیس پر فائرنگ، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او زخمی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ) پشین میں پولیس پر فائرنگ سے ڈی ایس پی اور ایس ایچ او زخمی ہو گئے جب کہ ایک حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ڈی ایس پی پشین عین الدین کاکڑ اور ایس ایچ او صدر تھانہ روزی خان کاکڑ ایک نجی کار میں گشت کر رہے تھے۔ جب وہ کلی تراٹہ پہنچے تو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی۔
ملزمان کی فائرنگ کے نتیجے میں ڈی ایس پی اور ایس ایچ او زخمی ہوگئے، جنہیں پشین اسپتال سے طبی امداد کے لیے کوئٹہ سول اسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جس سے تفتیش کی جا رہی ہے۔