رنویر سنگھ نے اپنی اور دیپیکا پڈوکون کی شادی کا البم جلا دیا؟


ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کے معروف اداکار رنویر سنگھ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے اپنی اور دیپیکا پڈوکون کی شادی کی تمام تصاویر ڈیلیٹ کردیں۔
رنویر سنگھ اور دیپیکا پڈوکون کے ہاں شادی کے پانچ سال بعد پہلے بچے کی پیدائش متوقع ہے، یہ جوڑی رواں سال ستمبر میں اپنے پہلے بچے کو دُنیا میں خوش آمدید کہے گی۔
بچے کی پیدائش کی خبر کی وجہ سے جہاں مداح خوش ہیں تو وہیں رنویر سنگھ کے حالیہ عمل نے مداحوں کو پریشان بھی کردیا ہے۔
دراصل، رنویر سنگھ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل سے اپنی اور دیپیکا پڈوکون کی شادی کی تمام تصاویر ڈیلیٹ کردی ہیں، تاہم اس حوالے سے کسی قسم کی معلومات بھی سامنے نہیں آسکی ہے کہ آخر کیوں اداکار نے اپنی شادی کی تصاویر ڈیلیٹ کیں۔
رنویر سنگھ کی جانب سے شادی کی تصاویر ڈیلیٹ کرنے پر اس جوڑی کے مداح تشویش میں مبتلا ہوگئے ہیں اور اداکار کی دیگر پوسٹس پر تبصرے کرکے وجہ جاننے کی کوشش کررہے ہیں۔
ایک مداح نے رنویر سنگھ کی پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں نے سنا ہے کہ آپ نے اپنی شادی کا البم جلا دیا ہے جبکہ ایک مداح نے اداکار سے سوال کیا کہ بھائی! آپ کی شادی کی تصاویر کہاں ہیں؟
مداحوں کی جانب سے ہزاروں سوالات کیے جارہے ہیں لیکن ابھی تک رنویر سنگھ اور دیپیکا پڈوکون نے مداحوں کے کسی بھی سوال کا جواب نہیں دیا۔
واضح رہے کہ رنویر سنگھ اور دیپیکا پڈوکون نے سال 2018 میں شادی کی تھی، اس جوڑی کی شادی کی دلکش تصاویر ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر موجود تھیں۔
دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی شادی کی ایک تقریب اٹلی جبکہ دوسری تقریب ممبئی میں ہوئی تھی۔