اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، انڈیکس میں 590 پوائنٹس اضافے سے 73 ہزار کی حد بحال


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج مثبت رجحان دیکھا جا رہا ہے، ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 590 پوائنٹس اضافے سے 73 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی ہے۔
پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق صبح تقریباً 10 بج کر 3 منٹ پر کے ایس ای-100 انڈیکس 590 پوائنٹس یا 0.81 فیصد اضافے کے بعد 73 ہزار 248 پر پہنچ گیا، جو گزشتہ روز 72 ہزار 658 پر بند ہوا تھا۔
یاد رہے کہ 29 اپریل کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100-انڈیکس 73 ہزار پوائنٹس کی تاریخی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا، جس کے بعد اگلے چند روز بتدریج کمی کے بعد 2 مئی کو انڈیکس 70 ہزار 657 پر آ گیا تھا۔
اس سے قبل 26 اپریل کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھی گئی تھی اور بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 771 پوانٹس اضافے کے بعد 72 ہزار742 پوانٹس کی ریکارڈ سطح پر بند ہوا تھا۔
24 اپریل کو بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 692 پوائنٹس اضافے سے تاریخ میں پہلی بار 72 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر گیا تھا۔
22 اپریل کو 100 انڈیکس 523 پوائنٹس یا 0.74 فیصد اضافے کے بعد 71 ہزار 433 پوائنٹس کی بُلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔