کرغزستان سے طلبہ کی وطن واپسی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا خصوصی پروازیں بھیجنے کا فیصلہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)کرغزستان میں پھنسے پاکستانی طلبہ کو وطن واپس لانے کے لیے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے خصوصی پروازیں بشکیک بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
علی امین گنڈاپور نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ ہے کہ یہ خصوصی پروازیں کل سے شروع ہوں گی، پہلی خصوصی پرواز کل جبکہ دوسری پرواز پرسوں بشکیک سے پاکستانیوں کو لے کر پشاور پہنچے گی۔
انہوں نے کہاکہ کرغستان میں پھنسے پاکستانیوں کو بحفاظت وطن واپس لانا ہماری ذمہ داری ہے، صوبائی حکومت نے اس سلسلے میں خیبر پختونخوا کے ساتھ ساتھ دیگر صوبوں کے لوگوں کی وطن واپسی کے لیے مفت ایئر سروس فراہم کرنے کا بندوبست کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ بشکیک میں پھنسا پاکستان کا کوئی بھی شہری درجہ ذیل نمبروں پر رابطہ کرکے یہ مفت ایئر سروس پہلے آئیے اور پہلے پائیے کی بنیاد پر حاصل کر سکتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے 2 موبائل نمبرز جاری کیے ہیں جن پر رابطہ کیا جا سکتا ہے0343-3333049،0344-0955550۔
انہوں نے کہاکہ کرغزستان میں پھنسے پاکستانیوں کے اہل خانہ اس سلسلے میں معلومات کے لیے ٹال فری نمبر 1700 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
علی امین گنڈاپور نے کہاکہ خیبرپختونخوا حکومت صوبے کے لوگوں کے ساتھ ساتھ باقی تمام پاکستانیوں کو بھی بحفاظت وطن واپس لانے کے لیے تمام سہولیات فراہم کرے گی۔