گلگت بلتستان کے 80 طلبہ بھی کرغزستان میں محصور، حکومت کا سیکریٹری خارجہ کو مراسلہ
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)کرغزستان میں ملکی اور غیرملکی طلبہ کے درمیان ہونے والی لڑائی کے باعث متاثر ہونے والے ہزاروں پاکستانی طلبہ میں گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے 80 طالبعلم بھی شامل ہیں۔
کرغزستان میں محصور گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے جی بی حکومت سے مدد کی اپیل کی ہے۔
طلبہ نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں بتایا کہ پاکستان کے دیگر صوبوں سے تعلق رکھنے والے طلبا و طالبات کی مدد کی جارہی ہے مگر گلگت بلتستان کی حکومت کی جانب سے ان کو یہاں سے نکالنے کے لیے اقدام نہیں کیا گیا۔
طلبہ نے گلگت بلتستان حکومت سے اپیل کی ہے کہ ہم کرغستان میں غیر محفوظ ہیں اور مدد کے منتظر ہیں لہٰذا ہمیں یہاں سے نکالا جائے۔
کرغستان میں موجود گلگت سے تعلق رکھنے والے طالب علم بابر احمد دانش نے بتایا گلگت بلتستان کے 80 کے قریب طلبا و طالبات بے یارو مددگار اور خوف کے عالم میں ہیں۔
انہوں نے حکومت گلگت بلتستان اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی فوری وطن واپسی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
دوسری جانب گلگت بلتستان حکومت نے کرغستان میں پھنسے گلگت بلتستان کے 80 سے زیادہ طلبہ کو بحفاظت ریسکیو کرنے کے لیے سیکریٹری خارجہ کو مراسلہ تحریر ہے۔
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کی ہدایت پر سیکریٹری برائے وزیر اعلیٰ عثمان احمد نے وفاقی وزارت خارجہ کو کرغستان سے گلگت بلتستان کے طالب علموں کی فوری مدد کے لیے خصوصی مراسلہ تحریر کیا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بشکیک میں حالیہ تشدد کے واقعات کی وجہ سے گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے طلبا و طالبات کی کثیر تعداد اس وقت مدد کی منتظر ہے، اس لیے ان کے بحفاظت انخلا کو یقینی بنانے کے لیے ہنگامی طور پر پروازیں چلائی جائیں۔