میں ابن غدار، ابن غدار، ابن غدار کا بیٹا ہوں، ایمل ولی خان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ اس ملک کے پہلے سیاسی قیدی بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ تھے، جنہیں زیارت میں قید رکھا گیا .
سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا کہ آج کے ماحول میں جو لوگ فائدہ اٹھا رہے ہیں، کل وہ بینیفشری نہیں تھے اور آج جو آئین و قانون کی پاسداری کی بات کررہے ہیں وہ کل بینیفشری تھے .


ایمل ولی خان نے کہا کہ آج کل فارم 47 کی بات بہت ہوتی ہے، کیوں نہ 1947 سے بات شروع کی جائے، یہ فارم 47 کی کہانی 1947 سے ہی شروع ہوگئی ہے، 1947 میں ہندوستان آزاد ہوا اور پاکستان بنا . ’میں ابن غدار، ابن غدار، ابن غدار کا بیٹا ہوں، خدشہ ہے کہ آج کی تقریر کے بعد میں بھی شام کو غدار کہلاؤں گا . ‘
ایمل ولی خان نے کہا کہ تاریخ سے آنکھیں پھیرنا ہمیں کبھی بھی مستقبل میں صحیح راستے پر نہیں لے کرجائے گا، ایک دفعہ قومی اسمبلی کے باہر اجلاس ہوا تھا اور عبدالولی خان گاڑی کی ڈگی بھر کر لائے تھے، اس لیے لائے تھے کہ ہم بات کریں کہ پاکستان بنا تھا کہ پاکستان آزاد ہوا تھا .
’جب آپ 1947 میں آزاد نہیں ہوئے تو آج آپ آزادی کا رونا رو رہے ہیں، ہم قائداعظم کی کتنی قدر کرتے ہیں لیکن مجھے لگتا ہے کہ قائداعظم کی اسمبلی میں لگی تصویر بھی قید ہوگئی ہے، یہ تصویر اس دن قید ہوگئی جب قائداعظم نے قانون کی حکمرانی کی بات کی . ‘
ایمل ولی خان نے کہا کہ اس ملک کا پہلا سیاسی قیدی زیارت بھیجا گیا جو قائداعظم محمد علی جناحؒ تھے، یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ قائداعظم آج بھی تصویر میں قید ہیں .

. .

متعلقہ خبریں