آئی ایم ایف کیجانب سے پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے مزید قرض کی فراہمی کا اعلان
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کے اختتام پر اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق آئی ایم ایف مشن چیف نے کہا کہ قرض پروگرام کے لیے پاکستان کے معاشی پروگرام کی سپورٹ کی جا سکتی ہے۔
آئی ایم ایف کے مشن چیف نیتھن پورٹر نے کہا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 13 سے 23 مئی تک ہونے والے مذاکرات کا اختتام ہوچکا ہے، مذاکرات میں پاکستان کے معاشی پروگرام پر بات چیت کی گئی، قرض پروگرام کے اسٹاف لیول معاہدے کے لیے پیش رفت کی گئی ہے۔
آئی ایم ایف مشن چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے آمدن بڑھانے کے لیے ٹیکسوں میں جائز اضافے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ بجلی کی پیداواری لاگت کو کم کرنے کے لیے اصلاحات کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔
’ڈالر کا مارکیٹ ریٹ مقرر کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مناسب مانیٹری پالیسی اختیار کی جائے گی، حکومتی اداروں میں گورننس کے مسائل کو حل کیا جائے گا اور نجکاری کا پروگرام آگے بڑھایا جائے گا۔
آئی ایم ایف مشن چیف کے مطابق سرمایہ کاری کے لیے ماحول کو سازگار بنایا جائے گا، پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ورچوئل مذاکرات جاری رہیں گے۔