چاہت فتح علی کے ’بدو بدی‘ نے ابرارالحق کو بھی لپیٹ میں لے لیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سوشل میڈیا پر اپنی مزاحیہ گائیکی کے ذریعے شہرت حاصل کرنے والے گلوکار چاہت فتح علی خان نے رواں ماہ یوٹیوب اور انسٹاگرام پر اپنا گانا ’بدو بدی‘ ریلیز کیا جو دیکھتے ہی دیکھتے اتنا وائرل ہوا کہ اب ہر کوئی یہی گانا گنگناتے دکھائی دیتا ہے۔
چاہت فتح علی خان کے ’بدو بدی‘ کا اثر ان کے مداحوں اور عام لوگوں پر ہی نہیں ہوا بلکہ اس گانے کی ’سحرانگیزی‘ نے معروف اداکاروں اور گلوکاروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
چاہت فتح علی خان کے ’بدوبدی‘نے پہلے بھارتی اداکار دلجیت دوسانجھ کا دل جیتا، جنہوں نے اپنی انسٹاگرام پر لگائی گئی ریل کا آغاز ’آئے ہائے اوئے ہوئے، بدو بدی‘ سے کیا اور پھر دلچسپ انداز میں اپنی ویڈیو مکمل کی۔
چاہت فتح علی خان کا ’بدو بدی‘ اس قدر مقبول ہوچکا ہے کہ معروف پاکستانی بھنگڑا اور پاپ اسٹار ابرارالحق بھی خود کو یہ گانا گنگنانے سے روک نہ پائے اور اپنی آواز میں ’اکھ لڑی بدو بدی‘ گا کر ہی چین پایا۔
حال ہی میں مشہور ٹک ٹاکر ’سڈ مسٹر ریپر‘ نے ابرارالحق سے چاہت فتح علی خان کا گانا گانے کی فرمائش کی تو انہوں نے اپنی آواز میں یہ گانا ریکارڈ کرا دیا۔ سڈ مسٹر ریپر نے ابرارالحق کا گانا جب سوشل میڈیا پر شیئر کیا تو صارفین نے ’بدو بدی‘ کا یہ ورژن بے حد پسند کیا۔
صارف فرحان نے ابرار کا ’بدو بدی‘ سن کا کہا، ’یہ بہت بہتر ہے۔‘

ہما حمید نے لکھا، ’ہم ابرار کی آواز میں پورا گانا سننا چاہتے ہیں۔‘

صارف اٹس فزو نے کہا، ’ابرار بھائی سے بولو کہ یہ گانا پورا ریکارڈ کریں۔‘

ایک اور صارف نے کہا، ’یہ بہت اچھا ہے، اوریجنل سے بھی، سچ میں۔‘