عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے اہم خبر

مکہ مکرمہ (قدرت روزنامہ) عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے اہم خبر ہے کہ 10 اکتوبر سے کورونا ویکسین کی ایک خوراک لگوانے والوں اور وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کو عمرہ کے لیے اجازت نامے جاری نہیں کیے جائیں گے . عرب میڈیا کے مطابق مملکت میں رواں ماہ 10 اکتوبر 2021ء سے توکلنا ایپ میں ہیلتھ ڈیٹا اپ ڈیٹ کردیا جائے گا جس کے نتیجے میں عالمی وباء کورونا وائرس کی حفاظتی ویکسین کی ایک خوراک لینے والوں اور وباء سے صحت یاب ہونے والوں کو عمرہ کے اجازت نامے جاری نہیں ہوں گے کیوں کہ عمرہ اجازت نامے کی پہلی شرط توکلنا پر امیدوار کا سٹیٹس ’محصن‘ ہونا ضروری ہے جب کہ ہیلتھ ڈیٹا اپ ڈیٹ کرنے پر توکلنا میں ہر وہ شخص جس نے ویکسین کی صرف ایک خوراک لگوائی ہے یا وباء سے صحت یاب ہونے کے بعد ویکسین نہیں لگوائی اس کا ڈیٹا ’محصن‘ نہیں آئے گا .

یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ اب تک وائرس سے صحت یاب ہونے والوں اور ایک خوراک لینے والے کو بھی ’محصن‘ ہی لکھا جارہا تھا جب کہ عمرہ اور نماز کا اجازت نامہ بھی صرف ایسے افراد کو ہی دیا جاتا ہے جن کی ہیلتھ کا ڈیٹا سٹیٹس توکلنا میں ’محصن‘ تحریر ہو لیکن اب وزارت صحت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ توکلنا ایپ میں محصن صرف ان لوگوں کے لیے تحریر کیا جائے گا جنہوں نے کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوائی ہیں . دوسری طرف سعودی عرب میں کورونا کا زور ٹوٹنے پر روزانہ کی بنیاد پر عمرہ زائرین کی تعداد وزارت حج و عمرہ کی جانب سے بڑھائی گئی ہے جس کو اب 1 لاکھ افراد یومیہ کردیا گیا ہے ، اسی طرح حرم مکی میں نمازیوں کی تعداد بھی 60 ہزار کر دی گئی ہے تاہم اس کے ساتھ ہی انتظامیہ نے مسجدالحرام میں حفاظتی تدابیراور کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے . . .

متعلقہ خبریں