’کیا آپ کے شوہر بھی ایسا ہی کرتے ہیں‘ ریحام خان کا خواتین سے سوال


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)عمران خان کی سابقہ اہلیہ و صحافی ریحام خان نے اپنے شوہر مرزا بلال کی حیران کن عادت کا انکشاف کرکے ایک بار پھر سے سب کی توجہ حاصل کرلی ہے۔
ریحام خان نے تیسری شادی امریکی خوبرو ماڈل اور اداکار مرزا بلال سے کی ہے جن کے ساتھ وہ ہنسی خوشی زندگی بسر کر رہی ہیں۔ مرزا بلال اور ریحام کی خوشگوار ازدواجی زندگی کا اندازہ انکی سوشل میڈیا پوسٹ سےلگایا جاسکتا ہے، جن میں اکثر اوقات ریحام خان اپنے شوہر کی تعریف کرتی نظر آتی ہیں۔
فوٹو اینڈویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ریحام خان نے پوسٹ جاری کی جسکے ساتھ منسلک کیپشن میں انہوں نے اپنے شوہر مرزا بلال کی ایک دلچسپ عادت کا انکشاف کیا۔
ریحام خان نے سوشل میڈیا پر اپنی تصویروں پر مبنی ایک ویڈیو شیئر کی جس کے کیپشن میں اُن کا مرزا بلال کو ٹیگ کرتے ہوئے کہنا ہے کہ ’میرے شوہر چھپ چھپ کر میری تصویریں بناتے رہتے ہیں، خاص طور پر جب میں سو رہی ہوں، کھانا کھا رہی ہوں یا عملے کے ساتھ کسی خاص موضوع پر بحث میں مصروف ہوں۔‘
ریحام خان نے کیپشن کے اختتام میں اپنی خواتین فالوورز سے سوال بھی کیا ہے۔ریحام خان کا خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے پوچھنا ہے کہ ’کیا آپ کا ہمسفر بھی آپ کے ساتھ ایسا کرتا ہے؟‘
خیال رہے کہ ریحام خان نے دوسری شادی کے لیے پاکستان کے سابق وزیرِ اعظم عمران خان کو اپنا ہمسفر چنا اور سال 2014 میں نکاح کرکے نئی زندگی کی شروعات کی لیکن انہیں یہ شادی بھی راس نہ آئی اور نہایت ہی مختصر عرصے کے بعد 2015 میں طلاق پر ختم ہوگئی۔