حکومت کے بیوقوفی سے حمود الرحمان کمیشن کو دوبارہ شہرت ملی، شیخ رشید کا مطالبہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے جیلوں میں قید پی ٹی آئی خواتین صنم جاوید، عالیہ حمزہ، ڈاکٹر یاسمین راشد کو رہا کرنے اور لوگوں کو عیدالاضحی پر عام معافی دینے کی اپیل کردی ہے۔
اسلام آباد میں عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ’ عدالتیں چھوٹی پڑگئی ہیں بے گناہ لوگوں کی تعداد زیادہ ہے، اڈیالہ میں غریب لوگ ہیں اس گرمی میں 500 لوگوں کی پیشی ہوتی ہے۔‘
سابق وزیرداخلہ نے صنم جاوید ،عالیہ حمزہ اور ڈاکٹر یاسمین راشد کی رہائی کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ فوج کی عزت ہمیں جان سے زیادہ عزیز ہے لیکن گرفتاریوں سے کیا پیغام جارہا ہے؟ میری درخواست ہے اس عید پر عام معافی دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ اگلے 45 دن اہم ہیں، لوگ تنگ ہیں، ملک میں اب سیاسی فیصلے ہوں گے، سرمایہ کار ملک سے باہر جارہے ہیں تو بیرون ملک سے سرمایہ کار کیسے آئیں گے۔
شیخ رشید نے کہا کہ ملک تباہی کے کنارے کھڑا ہے، حالات اتنے خراب ہوگئےہیں کہ راولپنڈی میں جنازے لوٹے جارہے ہیں، ملک کو تباہی سے بچایا جائے۔
حمود الرحمان کمیشن کی رپورٹ کے بارے میں صحافی کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ حمود الرحمان کمیشن کی رپورٹ عام لوگوں کے پاس بھی ہے، ایک حقیقت ہے کہ 1971 میں ملک دو ٹکڑے ہوا، اب حمود الرحمان کمیشن کو حکومت کے بیوقوفی کی وجہ سے دوبارہ شہرت اور زندگی ملی ہے، ورنہ لوگ اس کو بھول چکے تھے۔
’یہ نالائق لوگ ہیں انہوں نے جو کام بھی کیا ہے وہ عمران خان کے فائدے میں گیا ہے اور ان کے نقصان میں گیا ہے۔‘