دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمین حج آج رکنِ اعظم ’وقوف عرفہ‘ ادا کررہے ہیں


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)دنیا بھر سے آئے لاکھوں فرزندانِ اسلام حج کا رکن اعظم یعنی ’وقوف عرفہ ‘ادا کرنے کے لیے میدان عرفات پہنچ گئے ہیں، جہاں آج وہ ظہر اور عصر کی نمازیں قصر و جمع کی صورت میں ادا کریں گے اورخطبہ حج سنیں گے۔
میدان عرفات اور مزدلفہ
عازمین آج دن بھر ذکر اور دعائیں کرتے گزاریں گے، اور سورج غروب ہوتے ہی میدان عرفات سے وادی مزدلفہ کے لیے روانہ ہوجائیں گے، جہاں پہنچ کر وہ مغرب اورعشا کی نمازیں قصر و جمع کی صورت میں ادا کریں گے اور رمی (شیطان کو پتھرمارنے) کے لیے کنکریاں چُنیں گے۔

جبل رحمت
سعودی وزراتِ حج کی جانب سے میدان عرفات میں جبل رحمت پر چڑھنے اور اترنے کے لیے جداگانہ راستے بنائے گئے ہیں تاکہ عازمین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور وہ بآسانی پہاڑ پر چڑھ اور اتر سکیں۔

گزشتہ شب میدان عرفات پہنچنے والے عازمین رات ہی سے ذکر و اذکار اور دعاؤں میں مصروف ہیں جبکہ عازمین کی بڑی تعداد میدان عرفات میں موجود مسجد نمرہ پہنچ گئی ہے۔
مسجد نمرہ
مسجد نمرہ دنیا کی وہ واحد مسجد ہے جو ہر سال صرف ایک دن یعنی یوم عرفہ کو کھولی جاتی ہے۔ یہاں خطبہ حج ادا کرنے کے بعد ظہر اورعصر کی نمازیں اکھٹی ادا کی جاتی ہیں۔

میدان عرفات حدود حرم سے باہر
میدان عرفات کا مکہ مکرمہ سے فاصلہ 21 کلو میٹرکے قریب ہے جو مکہ سے مشرق کی جانب طائف کے راستے میں واقع ہے۔ حج مقامات میں میدان عرفات وہ واحد مقام ہے جو حدود حرم سے باہر ہے۔

ٹرین سروس
آج شام میدان عرفات میں موجود عازمین کو ٹرین سروس کے ذریعے عرفات سے وادی مزدلفہ پہنچایا جائے گا، جہاں وہ رات بسر کریں گے اور نماز فجر ادا کرتے ہی منیٰ کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔