وسیم اکرم اور وقار یونس بھی ’بدو بدی‘ کے دیوانے نکلے
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اکھ لڑی بدو بدی گانا اس وقت سب سے مشہور گانا ہے جس نے پوری دنیا میں سرخیاں بنائیں، یہ گانا مشہور سوشل میڈیا انٹرٹینر چاہت فتح علی خان نے گایا تھا۔
یہ گانا یوٹیوب پر بے حد مقبول ہوا اور اسے 28 ملین ویوز حاصل ہوئے، تاہم بعد میں یوٹیوب نے کاپی رائٹس پر یہ گانا ہٹا دیا تھا۔ جس کے بعد چاہت فتح علی خان نے حال ہی میں اس گانے کو ایک نئی ویڈیو کے ساتھ اپنے انسٹاگرام پر اپ لوڈ کیا ہے۔
چاہت فتح علی خان کا گایا گیا گانا اب بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہے اور مشہور شخصیات بھی اس کے ’سحر‘ مین مبتلا دکھائی دے رہی ہیں۔ حال ہی میں بھارتی گانوں پر طنزیہ ویڈیو بنانے والے گلوکار کِلی پال اور کے پاپ اسٹار نے بھی یہ گانا گایا، دلجیت دوسانجھ، گرو رندھاوا اور دیگر نے بھی بدو بدی پر ویڈیوز بنائیں۔
یہ ’بدوبدی‘ کی مقبولیت کا اثر ہے کہ اب سابق پاکستانی کرکٹرز وسیم اکرم اور وقار یونس نے بھی بدو بدی گانے پر ایک مزاحیہ ویڈیو بنائی ہے۔ مقبول میزبان اور فنکار فخرعالم بھی اس ویڈیو کا حصہ ہیں۔ تینوں نے چائے پیتے ہوئے بدو بدی پر ویڈیو بنائی ہے، جنہیں ان کے مداحوں نے خوب پسند کیا ہے۔
اس ویڈیو میں مداحوں کی جانب سے وسیم اکرم کو ان کے پرفیکٹ ایکسپریشنز کی تعریف مل رہی ہے، شائقین فخر عالم اور وقار یونس کی ایکٹنگ کو بھی سرا رہے ہیں۔
خیال رہے کہ چاہت فتح علی خان سے قبل ’اکھ لڑی بدوبدی‘ گانا پہلی بار ملکہ ترنم نورجہاں نے پاکستانی فلم کے لیے گایا تھا۔
’ملکہ ترنم نور جہاں نے یہ گانا 1973 میں ریلیز ہونے والی فلم بنارسی ٹھگ کے لیے گایا تھا۔ ’اکھ لڑی بدوبدی‘ کا شمار اپنے دور کے مقبول ترین گانوں میں ہوتا ہے اور اسے دیگر فنکار بھی اپنی آواز میں گاچکے ہیں۔