اسلم بھوتانی کی حب میں بھوتانی ہائوس پر پولیس چھاپے اور رہنمائوں اور کارکنوں کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت


حب(قدرت روزنامہ)سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی وممبر قومی اسمبلی اسلم بھوتانی نے اپنے ایک بیان کے ذریعے حب میں بھوتانی ہائوس پر پولیس چھاپے اور بھوتانی عوامی کارواں کے رہنمائوں اور کارکنوں کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دریجی میں ایک شخص کی مائن لیز کی اراضی پر دو فریقین کے تنازعہ کو وجہ بنا کر دریجی حب وندر ساکران میں ہمارے کارکنوں کے خلاف انتقامی کاروائیاں کی جارہی ہیں اور اسٹیٹ مشینری کو استعمال کیا جارہا ہے اسلم بھوتانی نے کہاکہ وہ اس مشکل گھڑی میں سینہ سپر کئے کھڑے اور سرکار کے زندانوں میں قید کارکنوں کے حوصلے اور ہمت کو سلام پیش کرتے ہیں انھوں نے کہاکہ بھوتانی عوامی کارواں کے کارکنان حالیہ مشکل حالات میں خود کو تنہا نہ سمجھیں انکی قیادت انکی پشت پر کھڑی ہے اور ہم اپنے کارکنوں کی ہر طرح سے قانونی وجمہوری مدد وحوصلہ افزائی سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹیں گے انھوں نے کہاکہ دراصل وندر ڈیم کے کمانڈ ایریا میں 15ہزارایکڑ اراضی کی بے نامی الاٹمنٹ کو بلوچستان ہائی کورٹ سے منسوخ کرانے کی پاداش میں دریجی کے ایک شخص کے مائن کی اراضی کے دو فریقین کے تنازعہ کو وجہ بنا کر بھوتانی برادران اور بھوتانی عوامی کارواں کے کارکنوں کو ایک با اثر سیاسی شخصیت کے ا یماء پر انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے جو کہ قابل مذمت ہے اسلم بھوتانی نے کہاکہ وندر ڈیم اراضی کی بے نامی الاٹمنٹ کی منسوخی اور مقامی زمینداروں کے حقوق کا تحفظ بطور ایم این اے اُنکا فرض تھا جسے انھوں نے نبھایا اور مقامی زمینداروں کے حق کا تحفظ کیا جسکی سزا کے طور پر پولیس حالیہ انتقامی کاروائیاںکر رہی ہے ۔