بلوچستان میں 3جولائی سے بارشوں کا نیا اسپیل داخل ہونے کا امکان
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا نیا اسپیل 3جولائی سے داخل ہونے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق نئے اسپیل سے صوبے کے 15 اضلاع میں 3 سے 7 جولائی تک گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔
لسبیلہ، خضدار، آواران، جھل مگسی، قلات، نصیر آباد، اوستہ محمد، صحبت پور، جعفرآباد، ڈیرہ بگٹی، موسیٰ خیل، کوہلو، ژوب، زیارت، بارکھان اور ملحقہ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے بلوچستان نے بارشوں سے متعلق ایڈوائزری جاری کر دی جس میں کہا گیا ہے کہ عوام بارش اور آندھی کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں کیونکہ موسلادھار بارش، آندھی، گردوغبار اور آسمانی بجلی روزمرہ کے معمولات کو متاثر کر سکتی ہے۔
پی ڈی ایم اے بلوچستان نے متوقع بارشوں کے پیش نظر متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔