پنجاب پولیس کی کارکردگی جانچنے کے لیے کی پرفارمنس انڈیکیٹرز مقرر
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پنجاب حکومت نے صوبائی پولیس کی کارکردگی جانچنے کے لیے کے پی آئی (key performance indicator) مقرر کردیے ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا کہ کچھ دل جلے ہمیں بیٹھ کر لیکچر دیتے ہیں لیکن باقی صوبوں کو یہ لیکچر باقی نہیں ملتا جہاں آٹے کی قیمت کم نہیں ہورہی۔
عظمی بخاری نے کہا کہ باقی صوبوں میں عید کے 5 دن تک تعفن زدہ ماحول تھا، الائشیں اٹھائی نہیں جاسکی تھیں، ان صوبوں کو آج تک کوئی لیکچر نہیں ملا جن کے بارے میں آج تک یہ نہیں پتا چلا کہ ان کے چیف منسٹر کرتے کیا ہیں۔
عظمی بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز گراؤنڈ میں بھی جاتی ہیں، خیبرپختونخوا میں غیرسیاسی پولیس کے ہم روز کارنامے دیکھتے اور پڑھتے ہیں، جس کے بارے میں بڑا شور تھا کہ پولیس غیر سیاسی ہوگئی ہے، کل وزیراعلیٰ نے پولیس افسران و اہلکاروں کے لیے پرفارمینس انڈیکیٹرز مقرر کردیے ہیں، جس کے اندر عوامی شکایات، ایف آئی آرز کا اندراج، فرد جرم، نوگو ایریاز، سرچ آپریشنز میں کارکردگی کے حوالے سے پولیس افسران کی باقاعدہ نمبرنگ ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پتنگ بازی، فائرنگ یا سنگین جرائم میں ملوث افراد کی گرفتاری اور کھلی کچہریاں بھی پولیس افسران کی کارکردگی جانچنے کا پیمانہ ہوں گی، یہ کے پی آئیز پہلے وزیراعلیٰ نے بیوروکریسی کے لیے دیے تھے، جس سے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز کی کارکردگی میں واضح تبدیلی آئی ہے، امید ہے کہ اس اقدام سے صوبے کی پولیس بھی وزیراعلیٰ مریم نواز کے ویژن کے مطابق کارکردگی دیکھائے گی۔
صوبائی وزیراطلاعات کے مطابق محرم الحرام میں پورے پنجاب میں کنٹرول رومز بنیں گے، اس حوالے سے پولیس اور دیگر سیکیورٹی حکام کو ٹاسک دے دیے گئے ہیں، آج وزیراعلیٰ مریم نواز علمائے کرام کے ساتھ بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے میٹنگ کریں گی۔