بلوچستان

بلاول کا دورہ بلوچستان ، بےروزگار گریجویٹس کو بلا سود قرضوں کی فراہمی کیلئے چار ارب روپے مختص


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنانے کے لئے دہشت گردی کے بیانیے کو شکست دینا ہوگی، بلوچستان کو امن کا مکمل گہوارہ بنانے کے لئے صوبے میں گراس روٹ لیول تک سیاسی عمل ضروری ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں وزیراعلیٰ ہاﺅس کوئٹہ میں امن و امان اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بریفنگ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کو بلوچستان میں امن و امان، ترقیاتی منصوبوں اور صحت سمیت رواں مالی سال کے نئے بجٹ 2024 میں شامل سماجی ترقی کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، رکن قومی اسمبلی اعجاز جھکرانی، پولیٹیکل سیکرٹری جمیل احمد سومرو، پی پی پی بلوچستان کے صوبائی صدر میر چنگیز خان جمالی، صوبائی وزرا میر ضیاءاللہ لانگو، میر صادق عمرانی، میر ظہور احمد بلیدی، حاجی علی مدد جتک، بخت محمد کاکڑ، میر فیصل جمالی، صوبائی مشیر علی حسن زہری، پارلیمانی سیکرٹری میر اصغر رند، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ زاہد سلیم، آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات حافظ عبدالباسط سمیت دیگر متعلقہ حکام شرکت کی بریفنگ میں چیئرمین پی پی پی کو بے نظیر بھٹو اسکالرشپ پروگرام، پیپلز ایئر ایمبولنس اور گرین بس سروس کے قیام کے حوالے سے بریفنگ دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ بلوچستان میں این آئی سی وی ڈی اور گمبٹ انسٹیٹیوٹ اف لیور ٹرانسپلانٹ کے قیام سمیت، سکل ورکرز کارڈ پروگرام اور ریسکیو 1122 سروس کا بھی آغاز کیا جا رہا ہے تعلیم کے ترقیاتی بجٹ میں 300 فیصد جبکہ صحت کے ترقیاتی بجٹ میں 129 فیصد اضافہ کیا گیا ہے اس کے ساتھ ساتھ بلوچستان کے دور افتادہ علاقوں میں صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہیلتھ آن ویلز پروگرام اور کینسر کے مریضوں کے لیے مفت ادویات کی فراہمی کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ بلوچستان میں 30 ہزار سے زائد زرعی ٹیوب ویلز کی شمسی توانائی پر منتقلی کے منصوبے کو باہمی مشاورت سے حتمی شکل دی جاررہی ہے زراعت کی ترقی کے لیے بلوچستان کے کاشتکاروں کو گرین ٹریکٹرز فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اس کے علاوہ انٹرنیشنل ڈرائیورنگ کی تربیت کے حوالے سے کچلاک میں مفت اسکول کے قیام کے حوالے سے بھی بجٹ مختص کیا گیا ہے، دریائے سندھ سے آنے والی کچھی کینال کے اگلے فیز کی تعمیر کے لیے 10 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں بلوچستان کے بےروزگار گریجویٹس کو بلا سود قرضوں کی فراہمی کے لیے چار ارب روپے مختص کیے گئے ہیں صوبے میں یوتھ سکلز ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت دو سالوں میں 30 ہزار نوجوانوں کو تربیت فراہم کر کے بیرون ملک روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا منصوبہ ہے دنیا کی 200 سے زائد یونیورسٹیوں میں سائنس کے مضامین میں پی ایچ ڈی کرنے والے بلوچستان کے طلباءکو صوبائی حکومت نے اسکالرشپ دینے کی پالیسی مرتب کی ہے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی ہماری ترجیحات میں شامل ہے پاکستان پیپلز پارٹی نے بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے درست سمت کا تعین کیا ہے اور ایک جامع انداز سے عوام کی مجموعی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسیاں مرتب کی جا رہی ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی پہلی یوتھ پالیسی خوش آئند ہے تاہم اس پر بلا تاخیر اور مکمل عمل درآمد ضروری ہے تاکہ نوجوانوں کو رہنمائی کے زیادہ سے زیادہ مواقع میسر آسکیں انہوں نے ہدایت کی کہ بلوچستان میں سندھ کی طرز پر صحت کے منصوبوں کی فوری تکمیل جلد از جلد مکمل کی جائے اور صوبے میں 2022 کے سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے گھروں کی تعمیر کے منصوبے کی تکمیل میں تیزی لائی جائے ذرائع مواصلات کی ترقی اور عوامی سہولیات کے لئے گوادر سے کوئٹہ اور سبی سے جعفر آباد تک پورے بلوچستان کے انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں اور ایسے اجتماعی نوعیت کے بڑے منصوبوں پر بلا تاخیر عمل درآمد تیز کیا جائے جن کے فوائد سے عوام براہ راست مستفید ہو سکیں بریفنگ میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں گڈ گورننس کے قیام اور دستیاب وسائل کو عوامی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کے لئے اصلاحات کا عمل شروع کردیا گیا ہے صوبے میں بحالی امن کے لئے اقدامات کو موثر بناکر عوام کے جانی و مالی تحفظ کو یقینی بنایا جا رہا ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان نے وفاقی پی ایس ڈی پی میں بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں کی حمایت پر چیئرمین پیپلز پارٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین پی پی پی کی رہنمائی میں بلوچستان میں امن، تعلیم، صحت، ذرائع مواصلات سمیت تمام شعبوں میں بہتری لاکر عوام کو درپیش مشکلات اور مسائل کا ازالہ کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں