کمرشل، زرعی اور بڑے صارفین کے لیے بجلی مہنگی، صنعتی صارفین کا بنیادی ٹیرف برقرار


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی کابینہ نے تجارتی، زرعی اور بڑے صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں اضافے کی منظوری دے دی ہے، جس پر عملدرآمد سے کمرشل صارفین کے لیے فی یونٹ بجلی کی قیمت 77 روپے 15 پیسے تک پہنچ جائے گی۔
دوسری جانب حکومت نے صنعتی صارفین کے لیے بجلی کا بنیادی ٹیرف برقرار رکھنے کی منظوری دیتے ہوئے اس ضمن میں وفاقی کابینہ کے فیصلے سے پاور ڈویژن نے نیپرا کو آگاہ کردیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تجارتی یعنی کمرشل صارفین کے لیے بجلی کی بنیادی قیمت میں 8 روپے 4 پیسے اضافے کی منظوری دی گئی ہے، جس پر عملدرآمد کے بعد جولائی سے کمرشل صارفین کے فی یونٹ کی قیمت 77 روپے 15 پیسے ہو جائے گی۔
ذرائع کے مطابق بجلی کے زرعی صارفین کے بنیادی ٹیرف میں فی یونٹ 6 روپے 62 پیسے اضافہ منظور کیا گیا ہے، جس کے بعد جولائی سے زرعی صارفین کے لیے بجلی کا فی یونٹ ٹیرف 46 روپے 83 پیسے تک پہنچ جائے گا۔
حکومت نے جنرل سروسز کے لیے بجلی کا فی یونٹ ٹیرف 6 روپے 98 پیسے بڑھانے کی منظوری دیدی ہے، جس کے بعد جولائی سے جنرل سروسز کے لیے فی یونٹ بجلی کا ٹیرف61 روپے 3 پیسے ہو جائے گا۔
ذرائع کے مطابق بڑے صارفین کے لیے بجلی کے فی یونٹ ٹیرف میں 5 روپے 51 پیسے اضافے کی منظوری دی گئی جس کے بعد جولائی سے بڑے صارفین کا فی یونٹ ٹیرف 59 روپے 96 پیسے تک پہنچ جائے گا۔