وقت ضائع کیے بغیر ملکی استحکام کے لیے آگے بڑھنا ہوگا، نواز شریف


اسحاق ڈار نے پارٹی صدر کو عوامی ریلیف کے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا
لاہور (قدرت روزنامہ)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار رات گئے بغیر پروٹوکول مری پہنچے اور صدر مسلم لیگ ن نواز شریف سے تفصیلی ملاقات کی۔نواز شریف نے غیرملکی سرمایہ کاری اور دوست ممالک کے ساتھ ہونے والے مذاکرات تیز کرنے کی ہدایت کردی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ اسحاق ڈار نے نواز شریف کو حکومتی امور پر بریفنگ دی اور پارٹی صدر کو عوامی ریلیف کے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔نواز شریف نے غیرملکی سرمایہ کاری اور دوست ممالک کے ساتھ ہونے والے مذاکرات تیز کرنے کی ہدایت کی۔ اُن کا کہنا تھا کہ عوام کے مفادات کو ہرحال میں مقدم رکھا جائے۔ ترقی اور خوشحالی کے لیے امن اور استحکام ضروری ہے۔
مسلم لیگ ن کے صدر کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کے جوان وطن کی خاطر اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں۔نواز شریف نے کہا کہ قومی عزم کے ساتھ دہشتگردی کی لعنت سے چھٹکارا پایا جائے گا۔ وقت ضائع کیے بغیر ملکی استحکام کے لیے آگے بڑھنا ہوگا۔