بلوچ مسنگ پرسنز کے امن سیاسی جمہوری احتجاج پر حملہ آئین کی پامالي هے،پشتونخواملی عوامی پارٹی
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ شہر میں بلوچ مسنگ پرسنز کے احتجاجی جلوس جس میں اکثریت خواتین اور بچوں کی تھیں اپنے گمشدہ عزیز واقارب (بھائی،باپ ودیگر کی بازیابی کیلئے پر امن سیاسی جمہوری احتجاج پر حملہ آئین کی پائمالی، قانون سے روگردانی اور صوبے کے اعلیٰ پشتون بلوچ روایات، سماجی انسانی اقدار کو پاؤں تلے روندنے کی پارٹی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ خاندانوں کے پیارے لاپتہ کرنے کی غیر آئینی، غیر انسانی اور غیر قانونی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے، زندہ انسانوں کو لاپتہ کرنا اور رول اور مروج لاء کے تحت عدالتوں میں پیش نہ کرنا کھلی لاقانونیت کے سوا کچھ نہیں۔ قومی سیاسی جمہوری اور آئینی مطالبات پر لوگوں کو غائب کرنا اور خاندانوں کو احتجاج کے حق سے محروم کرنا ناقابل قبول ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلط بے اختیار اور فارم نمبر 47کی زروزور کی حکومتیں دراصل عوام کی سرومال عزت وآبرو کی تحفظ کی بجائے اپنے جیوں کو بھرنے کے ناروا مکروہ دندے میں ملوث ہیں۔ جو عوام کی عزت آبرو کی تحفظ کی بجائے پرسنٹ کے حساب وکتاب پر دن گزارنے میں مشغول ہیں۔ بیان کے آخر میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ خواتین بچوں اور اپنے پیاروں کے لیئے سرگردانوں پر حملہ لاٹھی چارج اور زدکوب کرنے والوں کے خلاف ایف آئی درج کی جائے تاکہ آئندہ پر امن جمہوری احتجاجی خواتین پر ہاتھ نہ اٹھایا جاسکیں اور اس مکروہ عمل کا خاتمہ ہو۔