صنم جاوید بلوچستان پولیس کے حوالے، اسلام آباد کچہری میں پیشی متوقع
کوئٹہ (قدرت روزنامہ)اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی کی رہنما صنم جاوید کو بلوچستان پولیس کے حوالے کردیا ہے، جو آج اسلام آباد کی ضلعی عدالت سے ان کا راہداری ریمانڈ حاصل کرے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق راہداری ریمانڈ منظور ہونے کے بعد صنم جاوید کو بلوچستان منتقل کیا جائے گا، واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کی سے رہائی کے بعد صنم جاوید کو اسلام آباد پولیس نے دوبارہ گرفتارکرلیا تھا۔
صنم جاوید کی گرفتاری کے لیے اسلام آباد پولیس نے بلوچستان پولیس کی معاونت کی تھی۔
گزشتہ روز عدالت نے صنم جاوید کے وکلا کی مقدمے سے ڈسچارج کرنے کی استدعا منظور کرلی تھی اور رہائی کے بعد صنم جاوید گھر روانہ ہوگئی تھیں تاہم کچھ ہی دیر بعد اسلام آباد کی رمنا پولیس نے انہیں دوبارہ گرفتار کر لیا تھا۔
صنم جاوید کے خلاف ایف آئی اے میں درج مقدمے میں ان پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر سیکیورٹی ادارےکیخلاف ہرزہ سرائی کا الزام تھا۔
ایف آئی اے سائبر کرائم اسلام آباد نے 10 جولائی کو صنم جاوید کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا، مقدمے میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس کے ذریعے سیکیورٹی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ ایف آئی اے کی ٹیم نے گزشتہ ہفتہ کے روز صنم جاوید کو گوجرانوالہ کی سینٹرل جیل سے اس وقت گرفتار کیا تھا جب لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر ان کی رہائی کی روبکار جاری ہوگئی تھی۔
صنم جاوید کو 10 مئی 2023 کو اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں نے ملک گیر احتجاج کیا تھا۔ گزشتہ روز وہ 14 ماہ 4 دن قید میں رہنے کے بعد رہا ہوئی تھیں لیکن اسلام آباد پولیس نے انہیں کچھ ہی دیر بعد پھر گرفتار کرلیا تھا۔