آئینی میلٹ ڈاؤن کا خطرہ ہے، حکومت بچانے کے لیے کسی بھی حد تک جائیں گے: وزیر دفاع خواجہ آصف


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ سرگوشیاں ہو رہی ہیں کہ اکتوبر آنے دیں پھر انتخابات کی درخواست بھی لگا دیں گے، درخواست پر انتخابات کو کالعدم قراردینے کی سرگوشیاں ہو رہی ہیں، لیکن یہ واضح کردوں کہ کوئی نہ کوئی آئینی میلٹ ڈاؤن ہونے والا ہے، حکومت کو بچانے کے لیے کسی بھی حد تک جائیں گے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فچ ایک کریڈٹ ریٹنگ ادارہ ہے، فچ کریڈٹ ریٹنگ کرتے ہوئے سیاسی حالات بھی دیکھتا ہے، اس کے مطابق حالات دیکھیں تو پریشان کن ہیں، حالات بہتر نہ ہوں تو کوئی پلینگ نہیں کرسکتے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ملک میں آئینی میلٹ ڈاون کا خطرہ ہے، فچ نے اپنی رپورٹ میں 18ماہ میں حکومت کے خاتمے سے متعلق جو بات کی ہے، اس میں وزن ہے، ٹیکنوکریٹ حکومت میں شامل ہونے کے لیے لوگ تیار بیٹھے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ملک میں دہشتگردی بھی جاری ہے، اس وقت غیر یقینی ماحول ضرور ہے، لیکن ان حالات کے ذمہ دار صرف سیاستدان نہیں، عدلیہ بھی ہے۔
’پیپلز پارٹی ہمارے ساتھ ہے مگر حالات کو دیکھنے میں اختلافات ہوسکتے ہیں‘۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی پر پابندی کے حوالے سے پیپلز پارٹی سے مشاورت نہیں کی گئی، پیپلز پارٹی سے مشاورت کرنی چاہیے تھی، پی ٹی آئی پر پابندی کا اعلان اتحادیوں سے مشاورت کے بعد کیا جانا چاہیے تھا۔
’میجورٹی ہو بھی تو اتحادیوں سے مشاورت ضرور ہونی چاہیے‘۔
خواجہ آصف نے کہا کہ میرا خیال ہے 9مئی واقعہ پر پی ٹی آئی پر پابندی لگنی چاہیے تھی، پی ٹی آئی کی ملکی مفاد کے خلاف سرگرمیاں پچھلے ڈیڑھ سال سے جاری ہیں۔
انہوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ سائل ہی نہیں تھا جسے سپریم کورٹ میں ریلیف دیا گیا۔ جو مسائل اٹھائے ہی نہیں گئے اس پر سپریم کورٹ میں فیصلہ دیا گیا۔
خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ کوئی بھی اٹھ کر پارلیمنٹ کی توہین کردے کیا اس کا تقدس نہیں، میرے خلاف بھی آرٹیکل 6 لگایا گیا تھا، میرے اوپر اقامہ رکھنے پر آرٹیکل 6 لگا دیا گیا تھا۔
’لوگوں کو غلط فہمی ہے کہ نواز شریف خاموش بیٹھے ہیں‘۔
خواجہ آصف نے کہا کہ نواز شریف خاموش نہیں ہیں لوگوں کو یہ غلط فہمی ہے، نواز شریف پارٹی میں بھر پور ایکٹو ہیں، تمام بڑے فیصلے اور اسٹریٹجی نواز شریف سے منظور ہوتی ہے۔
’بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی صورتحال نظر نہیں آرہی‘۔
عمران خان کی رہائی سے متعلق بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کی رہائی کی کوئی صورتحال نظر نہیں آرہی، شہباز شریف نے مختلف اوقات میں بات چیت کی آفر کی، وزیراعظم شہبازشریف کی آفر کا کوئی جواب نہیں آیا بلکہ شور شرابہ کیا۔
’میرا نہیں خیال کہ مذاکرات ہوں گے‘۔
وزیر دفاع نے کہا کہ میرا نہیں خیال کہ مذاکرات ہوں گے، ملک میں اس وقت ڈیڈ لاک کی صورتحال ہے، تمام مسائل پر آئندہ 10دن میں کلیئریٹی ہو جائے گی۔ گومگوں کی کیفیت ضرور ہے مگرایسی صورتحال نہیں کہ سسٹم لپیٹا جائے۔
’بانی پی ٹی آئی اور ٹرمپ جڑواں لگتے ہیں‘۔
انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ اور عمران خان کو جڑواں قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ اور بانی پی ٹی آئی میں بہت مماثلت ہے، بانی پی ٹی آئی اور ٹرمپ جڑواں لگتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس ملک میں سسٹم کبھی خطرے سے خالی نہیں رہا، دہشت گردوں کیخلاف ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہیں، یہ تو ہو نہیں سکتا تمام سیاسی فریقین کا انتظار کریں اور بچے شہید ہوتے رہیں۔