بلوچستان

ایران سے بجلی کوٹہ میں کمی، مکران ڈویژن کے مختلف علاقوں میں اضافی لوڈشیڈنگ


پسنی(قدرت روزنامہ)مکران کو ایران سے صرف 20 میگاواٹ بجلی کی فراہمی، مختلف فیڈروں میں اضافی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری، ہوشاب اور پنجگور کے گرڈ اسٹیشنوں کو نیشنل گرڈ اسٹیشن سے بجلی کی فراہمی ، اضافی لوڈ شیڈنگ سے صارفین شدید پریشانی سے دوچار۔ اس سلسلے میں کیسکو ترجمان نے پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا کہ جمعرات کی صبح گیارہ بجے سے ہمسایہ ملک ایران سے مکران ڈویژن کو بجلی فراہمی کے کوٹہ میں کمی کر دی گئی ہے۔ ایران سے اب 132kV جیکی گور، مند اور 132kV پولان، جیوانی ٹرانسمیشن لائنز سے صرف 20 میگا واٹ بجلی مل رہی ہے، جبکہ ایران سے بجلی کے کوٹہ میں کمی کے باعث مکران ڈویژن کے علاقوں میں اضافی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔ ایران سے بجلی کے کوٹہ میں اضافہ کے بعد صورتحال معمول پر آئےگی، جسکے بعد مکران ڈویژن کے علاقوں میں اضافی لوڈ شیڈنگ فوری طور پرختم کر دی جائے گی۔ ترجمان نے کہا کہ پنجگور اور ہوشاب کے علاقوں کو نیشنل گرڈ اسٹیشن سے بجلی کی فراہمی جاری ہے، کیسکو نے ایران سے بجلی کے کوٹہ میں کمی کے بعد اضافی لوڈ شیڈنگ پر مکران کے صارفین سے معذرت اور تعاون کی اپیل کی ہے۔

متعلقہ خبریں