کراچی(قدرت روزنامہ) دبئی سے آنے والے مسافروں سے بڑی تعداد میں آئی فونز، لیپ ٹاپ اور دیگر اشیا برآمد کرلی گئیں . پاکستان کسٹمز نے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ کے ٹرمینل ارائیول پر کارروائی کرتے ہوئے دبئی سے آنے والے 2 مسافروں سے بڑی تعداد میں آئی فونز، لیپ ٹاپ ودیگر اشیا برآمد کرلیں .
ڈپٹی کلکٹر کسٹمز فیصل خان کے مطابق مسافر قابل ڈیوٹی سامان کے ہمراہ گرین چینل کے ذریعے نکلنے کی کوشش کررہے تھے کہ حکام نے شک کی بنیاد پر دونوں مسافروں کو اسکیننگ کی غرض سے ریڈ چینل منتقل کیا .
فلائی دبئی کی پرواز 329 سے آنے والے شہروز اور سہیل امین نامی مسافروں نے اپنے سامان اور جسم میں 28عدد قیمتی آئی فونز چھپائے ہوئے تھے . اس کے علاوہ ان سے 50کڑھائی شدہ سوٹ، 40بوتلیں پرائم واٹر، 2 قیمتی لیپ ٹاپ برآمد ہوئے . کسٹمز حکام نے دونوں مسافروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے برآمد شدہ اشیا ضبط کرکے کارروائی شروع کردی ہے .