اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود نے سیاست سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا . اپنے بیان میں شفقت محمود نے کہا کہ آج سے 34 سال پہلے میں نے سرکاری ملازمت سے استعفیٰ دے کر سیاست میں قدم رکھا لیکن بہت سوچ و بچار کے بعد میں نے اب سیاست سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا ہے، میں اپنی باقی عمر تحریر اور تدریس کے لیے وقف کرنا چاہتا ہوں .
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ نا ہی کسی پریشر کی وجہ سے ہے، نا ہی میرا ارادہ کسی اورسیاسی جماعت میں جانے کا ہے . یہ اعلان صرف سیاست سے علیحدگی کا ہے اور اس کا تعلق وقت اور عمر کے تقاضے سے ہے، میں ان سے مکمل اتفاق کرتا ہوں جو کہتے ہیں کے سیاست میں نوجوانوں کو آگے آنا چاہیے .
شفقت محمود نے کہا کہ سیاست کے اس سفر کے دوران بہت سے نشیب و فراز آئے . سینیٹ اور نیشنل اسمبلی کا ممبر اور وفاقی و صوبائی وزیر رہا جبکہ جیل کی یاترا کرنے کا بھی اتفاق ہوا، مجھے اطمینان ہے کہ میں نے ہمیشہ اپنی ساری ذُمّہ داریاں نہایت ایمانداری سے سرانجام دیں اور ہر عہدے کو ایک فرض سمجھ کے نبھایا .
انہوں نے کہاکہ اللّٰہ کا شکر ہے کہ آج تک کسی نے ناجائز الزام تک نہیں لگایا، بطور وزیر تعلیم پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ یکساں نصاب بنایا اور کووڈ کے مشکل وقت میں تعلیمی نظام کامیابی سے سنبھالا .
شفقت محمود نے کہا کہ میں عمران خان صاحب کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھے یہ خدمت کا موقع فراہم کیا، میں تحریک انصاف اور اپنے حلقے کے عوام کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے دو دفعہ مجھے شرف نمائندگی بخشا، ملک کی خدمت کا یہ جذبہ تاحیات رہے گا اور امید ہے کے تحریر تدریس اور میڈیا کے ذریعے یہ سفر جاری رہے گا .