ملکی غذائی اجناس کی برآمدات میں 46 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ایک سال کے دوران ملکی غذائی اجناس کی برآمدات میں 46.77 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ادارہ شماریات کے مطابق مالی سال 24-2023 میں غذائی اجناس کی برآمدات 7 ارب 37 کروڑ ڈالر رہیں، سال 23-2022 میں غذائی اجناس کی برآمدات کا حجم 5 ارب ڈالر سے زائد تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق جون میں غذائی اجناس کی برآمدات میں سالانہ 41.51 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا، جون میں غذائی اجناس کی برآمدات کا حجم 54 کروڑ 39 لاکھ ڈالر رہا، گزشتہ سال جون میں غذائی اجناس کی برآمدات 35 کروڑ 92 لاکھ ڈالر تھیں۔
ادارہ شماریات کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ ایک سال میں غذائی اجناس کی برآمدات میں چاول سر فہرست رہے، ایک سال کے دوران چاول کی برآمدات میں 82.94 فیصد اضافہ ریکارڈ، 60 لاکھ 18 ہزار میٹرک ٹن چاول کی برآمدات کی گئیں، مالی سال 24-2023 میں چاول کی برآمدات کا حجم 3 ارب 93 کروڑ ڈالر رہا۔
ادارہ شماریات کے مطابق جون میں چاول کی برآمدات میں 106.19 فیصد کا اضافہ ریکارڈ ہوا، 4 لاکھ 25 ہزار میٹرک ٹن چاول بیرون ملک برآمد کیے گئے، جون میں چاول کی برآمدات کا حجم 30 کروڑ 37 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ سال جون میں چاول کی برآمدات کا حجم 14 کروڑ 73 لاکھ ڈالر تھا۔
ایک سال کے دوران 9 لاکھ 35 ہزار ٹن پھل برآمدات کیے گئے، مالی سال 24-2023 میں پھلوں کی برآمدات میں 21.31 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا جبکہ 24-2023 میں 12 لاکھ 61 ہزار میٹرک ٹن سبزیاں بھی ایکسپورٹ کی گئیں، سبزیوں کی برآمدات میں 43.20 فیصد اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک سال کے دوران 33 ہزار میٹرک ٹن سے زائد چینی برآمد کی گئی، پاکستان نے ایک سال میں 2 لاکھ 48 ہزار ٹن خشک میوہ جات برآمدات کیا، مالی سال 24-2023 میں خشک میوہ جات کی برآمدات میں 117.18 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا۔