اورماڑہ انجمن ماہیگیران کا گوادر میں بلوچ راجی مچی کی مکمل حمایت کا اعلان


اورماڑہ(قدرت روزنامہ)اورماڑہ میں نیو انجمن ماہیگیران کا بلوچ یکجہتی کمیٹی کے تحت راجی مچی کی مکمل حمایت کا اعلان، 28 جولائی تک ماہی گیری کے لیے سمندر بند کرنے کا فیصلہ۔ نیو انجمن ماہیگیران اورماڑہ کے صدر بنڈی شمبک نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ نیو انجمن ماہیگیران اورماڑہ 28 جولائی کو لاپتہ افراد کی بازیابی اور بلوچ قومی شناخت کے لیے گوادر میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کے تحت منعقد ہونے والے بلوچ قومی اجتماع کی مکمل حمایت کا اعلان کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج، جلسہ اور مظاہرہ ہر شہری کا حق ہے 28 جولائی کو بی وائے سی کی جانب سے منعقد ہونے والے بلوچ قومی اجتماع میں بھرپور حصہ لیں گے۔ انہوں نے اپنے جاری بیان میں اورماڑہ کے عوام خصوصاً ماہی گیر طبقے کو زیادہ سے زیادہ بلوچ قومی مچی میں شرکت کرنے کی اپیل کی ہے۔ مزید برآں نیو انجمن ماہیگیران اورماڑہ کی جانب سے اورماڑہ کے ماہی گیروں کو 26 سے 28 جولائی تک سمندر میں ماہی گیری ترک اور سمندر بند کرنے کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔