بلوچ راجی مچی قافلوں کو روکنے کیخلاف بلوچستان بھر میں شٹر ڈاﺅن، شاہراہیں بند


خضدار، مستونگ، نوکنڈی، پنجگور، قلات(قدرت روزنامہ)بلوچی راجی مچی گوادر کے قافلوں کو روکنے اور سانحہ مستونگ کیخلاف بلوچستان بھر میں شٹر ڈاﺅن ہڑتال۔ بلوچستان کے کئی شہروں میں ہفتے کے روز پیش آنے والے بلوچی راجی مچی گوادر کے قافلوں کو روکنے اور سانحہ مستونگ کے خلاف شٹر ڈاﺅن ہڑتال کی گئی۔ سوراب، قلات، مستونگ، گڈانی، نوشکی، خضدار، تربت پنجگور آواران، نوکنڈی اور دیگر علاقوں میں کاروبار بند ہونے کی وجہ سے سڑکیں سنسان۔ چاغی بازار میں شٹر ڈاﺅن ہڑتال۔ ڈسٹرکٹ سوراب اور ڈسٹرکٹ واشک میں بھی بلوچی راجی مچی گوادر کے قافلوں کو روکنے اور سانحہ مستونگ کے خلاف واشک بازار میں مکمل طور پر شٹر ڈاﺅن ہڑتال رہی جبکہ بلوچستان کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں نال وڈھ زہری کرخ مولہ میں بھی تمام کاروباری مراکز مکمل طور پر بند رہے۔ ہڑتال کے دوران کسی جگہ سے ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی۔ بلوچستان بھر کی طرح بلوچ یکجہتی کمیٹی کے مرکزی کال پر قلات میں بھی مکمل شٹر ڈاﺅن ہڑتال رہی، تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز بند رہے۔ قلات بازار سمیت کوئٹہ کراچی شاہراہ کی تمام دکانیں مکمل بند رہیں، قلات میں تمام مارکیٹیں دکانیں پٹرول پمپس ہوٹل سمیت میڈیکل اسٹورز، سبزی فروش و ملک شاپس بھی بند رہیں، ہڑتال کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بلوچستان کے دیگر علاقوں کی طرح بلوچ یکجہتی کونسل کی اپیل پر مستونگ میں قافلوں پر فائرنگ و تشدد اور گوادر میں بلوچ راجی مچی کو بزور طاقت روکنے کے خلاف نوکنڈی بھی میں مکمل شٹر ڈاﺅن ہڑتال رہی اور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس دوران تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز بند رہے میڈیکل اسٹور، نانبائی اور ہوٹلوں کو مریضوں و مسافروں کے لئے ہڑتال سے استشنیٰ دیا گیا تھا، کوئٹہ تفتان شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بھی جزوی رہی، لیویز فورس شہر کی شاہراہوں پر گشت کرتی رہی تاہم کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔