شادی سے قبل شوہر کیلئے خود رشتے تلاش کرتی تھی، صبور علی
کراچی(قدرت روزنامہ) پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ صبور علی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ شادی سے قبل اپنے شوہر علی انصاری کو بھائی سمجھتی تھیں اور اُن کے لیے رشتے بھی تلاش کرتی تھیں۔
صبور علی کا پُرانا انٹرویو وائرل ہورہا ہے جس میں اداکارہ نے اپنے شوہر علی انصاری سے متعلق حیران کُن انکشافات کیے۔اداکارہ نے کہا کہ مریم انصاری میری بہت بہترین دوست ہیں تو اسی وجہ سے میں اُن کے بھائی علی انصاری کو بھی اپنا بھائی سمجھتی تھی کیونکہ ہمارے یہاں دوستوں کے بھائی کو بھی اپنا بھائی سمجھا جاتا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ علی انصاری سے شادی سے قبل، میں نے اپنی دوست اور علی کی بہن مریم انصاری کو کچھ لڑکیوں کے رشتے بتائے تھے اور علی کو بھی شادی کے لیے چند لڑکیوں کے نام تجویز کیے تھے۔
صبور علی نے کہا کہ میں جب بھی مریم کو علی کے لیے رشتے بتاتی تھی تو وہ مجھے کہتی تھی کہ تم کیوں نہیں کرلیتی علی سے شادی؟، میں یہی کہتی تھی کہ میں علی کو بھائی سمجھتی ہوں، میں کیسے شادی کرسکتی ہوں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ میں اور علی کیریئر سمیت دیگر معاملات پر بات کرتے تھے، ہمارے درمیان کافی اچھی دوستی قائم تھی لیکن مجھے اندازہ ہی نہیں تھا کہ ہماری دوستی شادی کے خوبصورت رشتے میں تبدیل ہوجائے گی۔
واضح رہے کہ جنوری 2022 میں صبور علی نے اداکار علی انصاری سے شادی کی تھی، اس جوڑے کی شادی کی تقریب میں کئی مشہور شخصیات نے بھی شرکت کی تھی۔