پاکستان پوسٹ کی نااہلی، ارشد ندیم کے اعزازی ڈاک ٹکٹ پر پرانی تصویر لگا دی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ارشد ندیم نے گزشتہ دنوں پیرس اولمپکس میں 92.97 میٹر دور نیزہ پھینک کر پاکستان کو طلائی تمغہ جتوایا تھا، ان کے اعزاز میں وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر ایک اعزازی ڈاک ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔ پاکستان پوسٹ کی نااہلی یہ ہے کہ ارشد ندیم کے اعزازی ڈاک ٹکٹ پر پرانی تصویر لگا دی گئی ہے۔
ملک کے 77ویں یوم آزادی کے موقع پر ’عزم استحکام‘ کے نام سے جاری ڈاک ٹکٹ پر مینار پاکستان کے ساتھ ارشد ندیم کی تصویر موجود ہے جس میں وہ نیزہ پھینک رہے ہیں۔ ہو سکتا ہے ڈاک ٹکٹ بنانے والوں کو ارشد ندیم کی اولمپک میڈل کے ساتھ تصویر نہ ملی ہو لیکن وہ ارشد ندیم کی پیرس اولمپکس کے فائنل کی تصویر ہی لگا دیتے۔
پیرس اولمپکس 2024 میں ارشد ندیم نے نیا اولمپک ریکارڈ بناتے ہوئے طلائی تمغہ جیتا تھا اور ارشد ندیم کی فائنل کی تصاویر سوشل میڈیا پر بھری پڑی ہیں، لیکن افسوس کہ ارشد ندیم کی اولمپک ریکارڈ والی ڈاک ٹکٹ پر 2022 کی عالمی چیمپئن شپ کی تصویر لگائی گئی ہے، اس ایونٹ میں ارشد ندیم پانچویں نمبر پر رہے تھے۔
پاکستان پوسٹ ذرائع کے مطابق ابھی ڈاک ٹکٹ کی ترسیل اور پرنٹنگ کا کام شروع نہیں ہوا۔ ٹکٹ پر انگریزی اور اردو میں پاکستان لکھا گیا ہے اور نہ ہی ڈاک ٹکٹ کی قیمت درج ہے۔ اس لیے امید ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف ارشد ندیم کی تصویر والی غلطی کی نشاندہی ہونے پر پیرس اولمپکس 2024 کی تصویر لگوا کر اس سنگین غلطی کا ازالہ کریں گے۔