پاکستان کے غدار اپنے انجام کو پہنچے، بلوچستان کو اس کے تمام جائز حقوق ملنے ضروری ہیں، اسحاق ڈار
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)ڈپٹی وزیراعظم پاکستان محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت بلوچستان میں امن و امان اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس منگل کو یہاں وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا اجلاس میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان ، رکن قومی اسمبلی میر اعجاز جھکرانی، بلوچستان کے صوبائی وزراء، اعلیٰ افسران بھی موجود تھے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور امن و امان کی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان میں تعلیم اور صحت کی بہتری صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے گورننس کی بہتری کیلئے مختلف شعبوں میں اصلاحات لائی جاررہی ہیں ہم سمجھتے ہیں کہ گورننس کو درست کرکے ہی ریاست اور عوام کے درمیان اعتماد کا مضبوط تعلق قائم رکھا جاسکتا ہے وزیر اعلٰی نے بتایا کہ بلوچستان کے پی ایچ ڈی سائینس کے طالب علموں کے لئے دنیا کی 200 اعلیٰ جامعات میں اسکالر شپ پروگرام شروع کیا گیا ہے جبکہ اقلیتوں اور ٹرانس جینڈر کمیونٹی سمیت محروم طبقات کے لئے خصوصی اسکالر شپ پروگرام متعارف کروارہے ہیں میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پسماندگی سے جڑے صوبے کے مسائل کو یکساں ترقی کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے انہوں نے کہا کہ وفاق کے منظور شدہ ترقیاتی منصوبوں کے لئے مرکز سے فنڈز کا اجراء انتہائی محدود سطح پر ہوتا ہے اگر یہی تناسب برقرار رہا تو آئندہ کئی دہائیوں تک وفاقی فنڈڈ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل ممکن نہیں، وزیر اعلٰی نے کہا کہبلوچستان کو دیگر صوبوں کے برابر لانے کے لئے وفاقی حکومت کا پختہ عزم اور عملی اقدامات ناگزیر ہیں وزیر اعلٰی بلوچستان نے اجلاس میں امن و امان سے متعلق جامع موازنہ پیش کرتے ہوئے درپیش مسائل اور چیلنجز کا بھی تفصیلی زکر کیا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی وزیر اعظم پاکستان اسحاق ڈار نے کہا کہ بلوچستان وزیر اعظم اور وفاقی حکومت کے دل کے قریب ہے یقین دلاتے ہیں کہ درپیش مسائل کے حل کیلئے اقدامات کئے جائیں گے بلوچستان کو اس کے تمام جائز حقوق ملنے ضروری ہیں، ڈپٹی وزیر اعظم نے کہا کہ معاشی صورتحال مشکل ضرور ہے تاہم مایوس کن نہیں پاکستان کا مستقبل روشن ہے یہ ملک ہمیشہ قائم رہنے کے لیے معروض وجود میں آیا ہے پاکستان کے ساتھ جس نے غداری کی اسی دنیا میں اپنے انجام کو پہنچا اسحاق ڈار نے کہا کہ وقتی معاشی مشکلات کا سامنا ہے لیکن مسلسل محنت اور پختہ عزم سے پاکستان کو ترقی کی پائیدار راہ پر گامزن کریں گے وسیع المدتی منصوبہ بندی کے لئے جامع روڑ میپ مرتب کررہے ہیں بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لیکر چلیں گے ڈپٹی وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور ان کی ٹیم کا پختہ بلوچستان کی ترقی کا ضامن ہے اور بلوچستان کے مسائل کے حل اور ترقی کے لئے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی، اجلاس کے اختتام پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف جلد بلوچستان کا تفصیلی دورہ کرکے مسائل کے حل کیلئے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کریں گے بلوچستان کی ترقی اور یہاں کے لوگوں کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے اقدامات کو بار آور بنایا جائے گا