بھارت کے یوم آزادی پر مقبوضہ کشمیر میں یوم سیاہ، وادی میں مکمل ہڑتال


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں آج یوم سیاہ منایا جا رہا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارت کے یوم آزادی پر کل جماعتی حریت کانفرنس نے مقبوضہ وادی میں بھارت کے غیر قانونی قبضے کیخلاف یوم سیاہ منائے جانے کی کال دی تھی جس کے پیش نظر آج مقبوضہ وادی میں کشمیری یوم سیاہ منا رہے ہیں، وادی میں مکمل ہڑتال ہے اور کاروباری مراکز بھی بند ہیں۔
اس موقع پر حریت رہنماؤں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کشمیری عوام بھارت کو ایک مضبوط پیغام بھیجیں کہ وہ اس کے قبضے کو مسترد کرتے ہیں، بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں اپنا یوم آزادی منانے کا کوئی قانونی یا اخلاقی حق نہیں ہے، کشمیر پر بھارت کا قبضہ عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
دوسری جانب نریندر مودی سرکار کا تمام تر جبر بھی مقبوضہ وادی کے کشمیریوں کو پاکستان کا یوم آزادی منانے سے نہ روک سکی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق گزشتہ روز پاکستان کے یوم آزادی پر مقبوضہ وادی میں پاکستان کے حق میں پوسٹرز چسپاں کیے گئے اور پاکستان کے جھنڈے لہرائے گئے۔
قابض فوج کی کڑی نگرانی اور سی سی ٹی وی کیمروں کے باوجود مختلف اضلاع میں کشمیریوں نے پاکستان کے حق میں پوسٹرز چسپاں کیے، پوسٹرز پر’یوم آزادی مبارک‘ اور ’ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے‘ کےنعرے تحریر ہیں۔