ناراضی کے نام پر دہشتگردی قبول نہیں، نوجوان ہر قسم کی انتہاپسندی کو مسترد کردیں، اسحاق ڈار


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ہے کہ دہشتگردی کی اجازت کسی صورت نہیں دی جاسکتی، نوجوان ہر قسم کی انتہا پسندی کو مسترد کردیں۔
اسلام آباد میں یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ناراضی کے نام پر دہشتگردی قبول نہیں، اتحاد میں طاقت ہے، نواجوان نفرت اور تقسیم کو مسترد کردیں، ایک ہی مقصد کے لیے کام کریں اور وہ ہے پاکستان، بعض اوقات بچے معصومیت میں گمراہ ہوجاتے ہیں، ماں کے ساتھ ناراضی نہیں ہوتی، ملک سے ناراض نہیں ہوسکتے، انتہاپسندی اور نفرت مسترد کرکے ملک کو مضبوط کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بے پناہ صلاحیتوں سے مالا مال ملک ہے جس کی بڑی وجہ اس کے نوجوان ہیں، نوجوان ہمارے کل کے وہ رہنما اور چینج میکر ہیں جو ملک کی تشکیل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی خوشحال قوم کی بنیاد اس کے نظام تعلیم میں ہوتی ہے، حکومت سب کے لیے معیاری تعلیم کی فراہمی اور یہ یقینی بنانے کے لیے پر عزم ہے کہ ہر نوجوان کو سیکھنے، بڑھنے، پڑھنے اور سبقت حاصل کرنے کا موقع ملے۔
اسحاق دار نے کہا کہ انہیں خوشی ہوئی کہ آج اس کنونشن میں 96 اچیورز موجود ہیں، تعلیم کا مطلب صرف ڈگریاں حاصل کرنا نہیں بلکہ تعلیم تنقیدی سوچ اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور جدت طرازی کو پروان چڑھانے کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ حکومت کی پہلی ترجیح ہےہیں اور حکومت ان کے لیے اپنے محدود وسائل سے جو کچھ ممکن ہے وہ کررہی ہے کیونکہ طلبہ ملک کے لیے ایک ایسی انویسٹمنٹ ہیں جن کے ذریعے ملک کو لاکھوں گنا فائدہ حاصل ہوگا۔