پاکستان میں G5 کب لانچ ہوگا؟ چیئرمین پی ٹی اے نے بتا دیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے 5 جی سروسز کی نیلامی کی تاریخ کا اعلان کردیا ہے۔
گزشتہ روز قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی اور ٹیلی کام کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمان نے کہا کہ ملک میں 5جی اپریل 2025 تک شروع کر دی جائے گی، پی ٹی اے نیلامی میں شرکت کے لیے نئی کمپنیوں کو راغب کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے اور اس کا مقصد مارکیٹ کو وسعت دینا اور مسابقت کو بڑھانا ہے۔
چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ سب میرین کیبل کی بحالی جاری ہے، امید ہے یہ عمل 27 اگست تک مکمل ہوجائے گا، نظام کی اپڈگریڈیشن کے باوجود انٹرنیٹ سروسز میں مزید خلل کی توقع نہیں ہے۔
میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے کہا کہ ٹیلی کام کمپنیاں اس وقت 265 میگا ہرٹز سپیکٹرم استعمال کر رہی ہیں، ادارہ ریگولیٹر 5جی سروسز کے لیے اضافی 567 میگاہرٹز دستیاب کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
چیئرمین پی ٹی اے نے یہ بھی بتایا کہ سعودی عرب نے اپنا سپیکٹرم 90 ہزار ڈالر فی میگا ہرٹز کے حساب سے فروخت کیا جبکہ پاکستان نے اس سے قبل 29 ملین ڈالر فی میگا ہرٹز کے حساب سے 4جی سپیکٹرم فروخت کیا تھا، اس کا مقصد مقامی صارفین کو فائدہ پہنچانے کے لیے سپیکٹرم کی قیمت کو کم رکھنا ہے۔