کراچی: نجی اسپتال کے واش روم میں بچے کی ولادت، خاتون نومولود کو چھوڑ کر فرار


کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی کے ایک نجی اسپتال کے واش روم میں خاتون بچے کو جنم دینے کے بعد اسے وہیں چھوڑ کر فرار ہو گئی۔
کراچی کے علاقے کھارادر میں واقع نجی اسپتال کے واش روم سے نومولود ملا۔
اسپتال انتظامیہ نے اس حوالے سے بتایا کہ ایک خاتون مبینہ طور پر ڈرپ لگوانے اہلخانہ کے ساتھ اسپتال آئی تھی، باتھ روم گئی جہاں اس نے بچے کو جنم دیا اور بغیر اطلاع دیے فرار ہو گئی۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عملے نے بچے کو واش روم سے نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی، بچے کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا ہے جہاں اس کی جان بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
نجی اسپتال کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ خاتون کی تلاش کے لیے کھارادر پولیس کو اطلاع دے دی گئی ہے اور اس حوالے سے سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی دیکھی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب کراچی ہی کے علاقے آگرہ تاج کالونی میں کچرا کنڈی سے دو نومولود لاشیں ملی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں نومولود لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔