’پھر کچھ ہو جائے ایسا‘، فہد مصطفیٰ نے ماہرہ خان کو کیا پیغام دیا؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اداکار، پروڈیوسر اور ٹی وی ہوسٹ فہد مصطفیٰ نے اپنی فلم ’قائد اعظم زندہ باد‘ کے ایک گانے کا کلپ ساتھی اداکارہ ماہرہ خان کو ٹیگ کرتے ہوئے ماہرہ خان سے پوچھا ہے کہ کیا ’پھر ہو جائے کچھ ایسا‘، جس پر سوشل میڈیا صارفین کا ماننا ہے کہ وہ کوئی نئی فلم یا ڈراما بنانا چاہتے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’انسٹاگرام‘ پر اداکار، پروڈیوسر اور ٹی وی ہوسٹ فہد مصطفیٰ نے اپنی پوسٹ میں اشارہ دیا ہے کہ وہ پاکستان کی سپر اسٹار ماہرہ خان کے ساتھ ایک اور پروجیکٹ کے لیے کام کر سکتے ہیں۔
فہد مصطفیٰ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی فلم ’قائد اعظم زندہ باد‘ کا ایک کلپ شیئر کیا جس میں وہ ماہرہ خان کے ساتھ ساتھی اداکار کے طور پر کام کر رہے ہیں، انہوں نے یہ اس فلم کا کلپ ساتھی اداکارہ ماہرہ خان کو بھی ٹیگ کیا ہے۔
فہد مصطفیٰ نے اپنی پوسٹ کے ساتھ کیپشن میں ماہرہ خان سے پوچھا کہ ’پھر کچھ ہوجائے ایسا‘ (کیا ہمیں دوبارہ ایسا ہی کچھ کرنا چاہیے؟)۔ جس پر ماہرہ خان نے دلچسپ جواب بھی دیا ہے۔
فہد مصطفیٰ اور ماہرہ خان 2022 میں ریلیز ہونے والی فلم ’قائد اعظم زندہ باد‘ میں مرکزی کردار ادا کر رہے تھے، اس فلم میں فہد مصطفیٰ نے گلاب نامی پولیس افسر کا کردار ادا کیا تھا جب کہ ماہرہ خان نے جانوروں کو بچانے والی لڑکی ’جیا ‘ کا کردار ادا کیا تھا۔
ماہرہ خان نے فہد کی پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ڈرامے میں گانا؟ فلم میں ڈراما؟ دونوں آپ کو مِس کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ ماہرہ خان ملک کی فلم اور ٹی وی انڈسٹری میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں، انہیں اپنی بھارتی بلاک بسٹر فلم ‘رئیس’ کی وجہ سے سرحد پار بھی شہرت ملی ہے جہاں انہوں نے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ بطور اداکارہ مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
جہاں تک فہد مصطفیٰ کی بات ہے تو شوبز انڈسٹری میں انہیں بیک وقت ایک اداکار، پروڈیوسر اور ایک آئیکون ہوسٹ کے طور پر جانا جاتا ہے، فہد مصطفیٰ نے حال ہی میں ڈراما سیریل ’کبھی میں کبھی تم‘ سے ٹی وی اسکرین پر واپسی کی ہے اور اپنی اداکاری سے ناظرین کے دل جیت لیے ہیں۔