وزیراعظم شہباز شریف کا پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے راولپنڈی میں آرمی وار گیم کے اختتامی سیشن میں شرکت کی ہے اور پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وزیراعظم کو وار گیم اور پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں پر جامع بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیشن میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، اعلیٰ عسکری حکام اور وفاقی وزرا نے شرکت کی۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے مسلح افواج کے کردار کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم نے جوہری جنوبی ایشیا میں فروغ امن کے لیے مسلح افواج کی تعریف کی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اس موقع پر عسکری قیادت نے قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر نے کہاکہ پاک فوج موجودہ سیکیورٹی چیلنجز سے پوری طرح باخبر ہے، کسی بھی جارحانہ عزائم کو ناکام بنانے کے لیے اپنی صلاحیتوں میں اضافہ جاری رکھیں گے۔