حکومتی منظوری پر ہی نئے نوٹ چھاپے جائینگے: اسٹیٹ بینک


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) اسٹیٹ بینک نے وضاحت کی ہے کہ وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد ہی نئے ڈیزائن کے نوٹوں کی چھپائی شروع ہوگی۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ رواں سال جنوری میں نئے نوٹوں کی سیریز کے موضوعاتی ڈیزائن اور آئیڈیاز کیلئے آرٹ مقابلے کے ساتھ ڈیزائننگ کا عمل شروع کیا تھا۔ مقابلے کا مقصد مقامی فنکاروں کی حوصلہ افزائی کرنا اور عالمی سطح پر رائج بہترین ضابطہ عمل کے مطابق ڈیزائن کی تیاری میں عوام کو شامل کرنا تھا۔ جمع کرائے گئے ڈیزائنز کا ماہرین کی کمیٹی نے جائزہ لیکر فاتح انٹریز کا اعلان 5 ستمبر کو کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ نتائج کو ذرائع ابلاغ اور بعض عوامی حلقوں نے نئے نوٹوں کی شارٹ لسٹنگ سے تعبیر کیا، آرٹ مقابلے کامقصد محض فنکاروں کی کوششوں کو سراہنا اور انعامات سے حوصلہ افزائی کرنا تھا۔ فاتح قرار ڈیزائنز میں سے ایک میں ملک میں موجود مختلف مذاہب کو اجاگر کیا گیا جسے بعض حلقوں نے غلط طور پر خاص مذہب کو نمایاں کرنے کی کوشش کے طور پر بیان کیا۔
سٹیٹ بینک نے بیان میں کہا کہ یہ بات واضح کی جاتی ہے کہ جن ڈیزائنوں کو مقابلے میں فاتح قرار دیا گیا وہ نوٹوں کی نئی سیریز کیلئے شارٹ لسٹڈ ڈیزائن نہیں، مجوزہ نئی سیریز کے حتمی ڈیزائن مسابقتی عمل سے منتخب نامور بین الاقوامی کمپنیاں تیارکر رہی ہیں جو رواں سال دسمبر تک تجاویز پیش کریں گی اور سٹیٹ بینک بورڈ کی جانب سے منظور کردہ ڈیزائنز جنوری 2025 تک حتمی منظوری کیلئے وفاقی حکومت کو پیش کئے جائینگے۔