پنجاب اسپورٹس بورڈ کا میاں چنوں میں ارشد ندیم کے نام سے موسوم اسٹیڈیم بنانے کا اعلان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پنجاب اسپورٹس بورڈ نے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے آبائی شہر میاں چنوں میں ان کے نام سے منسوب اسٹیڈیم بنانے کا اعلان کردیا۔
ڈائریکٹر جنرل پنجاب اسپورٹس بورڈ پرویز اقبال نے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم سے ملاقات کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈی جی اسپورٹس بورڈ پرویز اقبال اور ارشد ندیم کے درمیان ہونے والی ملاقات میں صوبے میں ایتھلیٹک ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے کے لیے مستقبل کی منصوبہ بندی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران پرویز اقبال نے ارشد ندیم کی تاریخی کامیابی کو سراہا اور انہیں پاکستان کا حقیقی ہیرو قرار دیا۔
اس دوران ارشد ندیم کے ہمراہ ان کے کوچ سلمان اقبال بٹ بھی موجود تھے، جنہوں نے کہاکہ ارشد ندیم کی اس کامیابی کے پیچھے ٹیم ورک ہے۔
انہوں نے کہاکہ ارشد ندیم کی کامیابی کھیلوں کے میدان میں پاکستان کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے، اور پورا ملک ان کے شاندار کارنامے سے پر جوش ہے۔