پاکستان کے روشن مستقبل پر سب کو غیر متزلزل اعتماد ہونا چاہئے،آرمی چیف


فوج غیرقانونی سرگرمیوں کیخلاف کارروائیوں کے لیے پُرعزم ہے، جنرل عاصم منیر
کراچی (قدرت روزنامہ)آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاک فوج غیرقانونی سرگرمیوں کیخلاف کارروائیوں کے لیے پُرعزم ہے۔ پاکستان کے روشن مستقبل پر سب کو غیر متزلزل اعتماد ہونا چاہئے۔
کراچی میں تاجر برادری سے ملاقات میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ ایک سال پہلے آپ لوگوں کو کہا تھا مایوس مت ہوں،مایوسی گناہ ہے، معاشرے میں مایوسی پیدا کرنے کی کوششوں کو اجتماعی کاوشوں سے شکست دی۔ پاکستان کی خوشحالی کے لئے کبھی امید نہیں چھوڑنا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان مختلف شعبوں میں غیر معمولی صلاحیت رکھتا ہے، پاکستان اپنے وسائل اور صلاحیت پر اقوام عالم میں جائز مقام لینا چاہتا ہے، دوست ممالک بالخصوص چین،سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کا معاشی بحالی میں کردار قابل ستائش ہے۔ کاروباری برادری کے تعاون کے بغیر یہ کامیابیاں ممکن نہ تھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مغربی سرحد پر اسمگلنگ کنٹرول کرنے کے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوئے، گوگل ،اسٹار لنک اور دیگر بین الاقوامی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں، کراچی کی کاروباری برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے۔ جنرل عاصم منیر نے تاجر برادری کو معاشی ترقی میں کردار اور ایس آئی ایف سی کے ساتھ ملکر کام کرنے کی دعوت بھی دی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے تاجروں کی ساڑھے چار گھنٹے طویل ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں شریک تاجروں نے سماء سے خصوصی گفتگو کرتےہوئے ملاقات کے متعلق بتاتے ہوئے کہنا تھا کہ آرمی چیف نے آئندہ سال شرح سود سنگل” ڈیجٹ”میں لانے اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کی “خوشخبری”دی ہے۔
تاجروں کا گفتگو میں کہنا تھا کہ ہم نے آرمی چیف کو مشورہ دیا کہ ہمیں باہر رکھا پیسہ واپس لانے کیلئے”ایمنسٹی”اسکیم دی جائے۔
تاجروں نے سماء گفتگو میں کہا کہ آرمی چیف نے آئندہ سال شرح سود سنگل” ڈیجٹ”میں لانےکی خوشخبری دی ہے،جنرل عاصم منیرنےآئندہ ماہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کی نوید بھی سنائی ہے،آرمی چیف نے کہا تاجراورصنعتکارملک میں نئی انڈسٹری لگانے کیلئے تیار ہو جائیں۔ جنرل عاصم منیر نے کہا نئے صوبے سے متعلق سیاسی قیادت کے ساتھ ڈائیلاگ ہو رہا ہے۔