بابر اعظم نے قومی کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بیٹر بابر اعظم نے ون ڈے اور ٹی20 اسکواڈ کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا ہے اور کہا ہے کہ قومی ٹیم کی قیادت میرے لیے ایک اعزازرہا ہے تاہم اب تمام ترتوجہ اپنی کارکردگی پردینا چاہتا ہوں۔
منگل کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں بابر اعظم نے کہا کہ میں آج کچھ خبریں شیئر کررہا ہوں، میں نے قومی کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے جس کا اعلان گزشتہ ماہ پی سی بی اور ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن میں کیا گیا تھا۔
بابر اعظم نے لکھا کہ ’قومی ٹیم کی قیادت کرنا میرے لیے اعزازکی بات ہے لیکن اب وقت آگیا ہے کہ میں استعفیٰ دے دوں اوراپنے کیرئیر اور کھیل پربھرپورتوجہ مرکوز کروں۔ ٹیم کی کپتانی ایک بہترین اور سود مند تجربہ رہا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ کپتانی میں ایک اضافی بوجھ شامل ہے۔ میں اپنی کارکردگی کو ترجیح دینا چاہتا ہوں، اپنی بیٹنگ سے لطف اندوزہونا چاہتا ہوں اوراپنے خاندان کے ساتھ اچھا وقت گزارنا چاہتا ہوں، جس سے مجھے خوشی ملتی ہے۔
بابراعظم نے مزید لکھا کہ عہدہ چھوڑنے سے میں آگے بڑھنے میں بہتر کارکردگی حاصل کروں گا اوراپنے کھیل پرزیادہ توجہ دوں گا۔
انہوں نے اپنے مداحوں کی جانب سے غیرمتزلزل حمایت اورمجھ پراعتماد کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا۔ مجھے قومی ٹیم کی قیادت پر فخر ہے اب میں ایک کھلاڑی کی حیثیت سے ٹیم میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے پرجوش ہوں۔ آپ کی محبت اورحمایت کے لیے بے حد شکریہ۔