پاکستان اور ملائیشیا کا دوطرفہ تعلقات اور تجارت کو فروغ دینے پر اتفاق


دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے انور ابراہیم کی خدمات قابل قدر ہیں، شہباز شریف
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان اور ملائیشیا نے دوطرفہ تعلقات اور تجارت کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے انور ابراہیم کی خدمات قابل قدر ہیں۔
اسلام آباد میں ملائیشین ہم منصب داتو انور ابراہیم کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملاقات میں دوطرفہ تعاون سمیت علاقائی امورپرتبادلہ خیال کیا گیا، پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان بہتر تعلقات پائے جاتے ہیں، تعلقات کو فروغ دینے کے لیے ملائیشین وزیراعظم کی خدمات قابل قدر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملائیشین وزیراعظم نے عوام کے حقوق کی خاطر جیل بھی کاٹی، دونوں ممالک مل کر سرمایہ کاری میں تعاون کریں گے۔شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ آپ نے ملائیشیا کو ترقی کی منازل سے ہمکنار کیا وہ قابل تقلید ہے، کرپشن کے خلاف آپ کی جدوجہد ایک رول ماڈل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام غزہ کے مظلوم انسانوں کے شانہ بشانہ ہیں، فلسطینیوں کی نسل کشی پر دل افسردہ ہے، غزہ میں اسرائیلی مظالم کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، مطالبہ کرتے ہیں کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کرکے امن بحال کیا جائے۔
ملائیشین وزیراعظم داتو انور ابراہیم نے وزیراعظم شہبازشریف کا اردو میں شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی محبت اور میزبانی کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ملائیشیا پاکستان کا دوست ہے، علامہ اقبال کی شاعری میرےدل کےبہت قریب ہے، پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔
ملائیشین وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاک ملائیشیا تعلقات کے فروغ کے لیے عملدرآمد یقینی بنائیں گے، مختلف شہروں کے دوروں پر جو محبت ملی وہ قابل تعریف ہے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف سے ملائیشیا کے ہم منصب داتو انور ابراہیم کی ملاقات
قبل ازیں وزیرِاعظم شہباز شریف سے ملائیشیا کے ہم منصب نے داتو انور ابراہیم ملاقات کی، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال خیال کیا گیا۔
ملائیشیا کے وزیراعظم داتو انور ابراہیم 3 روزہ دورے پر پاکستان میں موجود ہیں، جمعرات کے روز ملائیشین ہم منصب وزیرِاعظم ہاؤس پہنچے تو وزیراعظم شہباز شریف نے مرکزی دروازے پر معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر پاکستان اور ملائشیا کے قومی ترانے بجائے گئے جبکہ ملائیشیا کے وزیراعظم کو وزیرِ اعظم ہاؤس میں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔وزیراعظم نے معزز مہمان سے وفاقی کابینہ کاتعارف کرایا جبکہ ملائیشین وزیراعظم نے محمد شہباز شریف سے اپنے وفد کا تعارف کرایا۔ اس موقع پر داتو سری انور ابراہیم نے وزیراعظم ہاؤس میں پودا لگایا۔
بعدازاں دونوں رہنماؤں کے مابین دوطرفہ ملاقات کے ساتھ ساتھ وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی جس کے ساتھ ساتھ پاکستان ملائیشیا دوطرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے مفاہمتی یادداشتوں و معاہدوں کا تبادلہ ہوا۔
یاد رہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر ملائیشیا کے وزیر اعظم پاکستان کا 3 روزہ سرکاری دورہ کر رہے ہیں۔ ، دورے کے دوران پاکستان ملائیشیا دو طرفہ تعاون کے فروغ پر گفتگو اور دونوں ممالک کے مابین شراکت کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوگی۔
ملائیشیا کے وزیر اعظم کے ہمراہ اعلی سطح کا کاروباری شخصیات و سرمایہ کاروں کا وفد بھی پاکستان آیا ہے، وفد پاکستانی کاروباری شخصیات و سرمایہ کاروں سے ملاقات کرے گا جس سے دونوں ممالک کے مابین تجارت و سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔
دونوں ممالک کے مابین تجارت و سرمایہ کاری میں تعاون کے لیے ملائیشیا کے وزیراعظم پاکستان-ملائیشیا بزنس فورم میں شرکت بھی کریں گے۔