گنڈاپور کے قافلے میں پی ٹی آئی کارکن ہیں، کوئی افغان باشندہ نہیں، بیرسٹر سیف


پشاور(قدرت روزنامہ)مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور کے قافلے میں پی ٹی آئی کے کارکن شامل ہیں، افغان باشندوں کی شمولیت کا جھوٹا پروپیگنڈا کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ محسن نقوی کی پریس کانفرنس جھوٹ کا پلندہ ہے۔ علی امین کے قافلے کی جانب سے فائرنگ کا الزام سراسر جھوٹ پر مبنی ہے۔ علی امین کے نہیں جعلی حکومت کے عزائم کچھ اور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ علی امین کے عزائم خان کی رہائی اور ملک میں قانون کی حکمرانی ہے۔ محسن نقوی اپنی جعلی حکومت کی ذمے داری وزیراعلیٰ کے پی پر نہ ڈالیں۔ علی امین گنڈاپور نے کوئی ریڈ لائن کراس نہیں کی۔ ریڈ لائن جعلی وفاقی حکومت نے کراس کی ہے۔ محسن نقوی بدحواسی میں بھونڈے قسم کے الزامات لگارہے ہیں۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ کل پٹواریوں کو اسلحہ تھماکر الزام پی ٹی آئی پر عائد کردیا گیا۔ آج افغان باشندوں کی احتجاج میں شمولیت کا جھوٹا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔ خیبرپختونخوا سے قافلے میں پی ٹی آئی کارکن ہی موجود ہیں۔
مشیر اطلاعات کے پی کے نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کارکنوں نے کسی پر شیلنگ نہیں کی۔ محسن نقوی جھوٹ بول کر عوامی رائے تبدیل نہیں کرسکتے۔ علی امین کے پاس اسلحہ ہوتا تو رات موٹروے پر نہیں گزارتے۔ پی ٹی آئی کا جلوس پر امن ہے،اور ہمارے مقاصد واضح ہیں۔