ایس سی او کانفرنس: اسلام آباد کی کونسی شاہراہیں کس وقت ٹریفک کے لیے بند ہوں گی؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسلام آباد میں 15 اور 16 اکتوبر کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کانفرنس کا انعقاد کیا جارہا ہے، جس کے لیے انتظامیہ نے شہر کی مختلف شاہراہوں کو مختلف اوقات میں بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے جاری کردہ پلان کے مطابق، ایس سی او کانفرنس کے لیے ایکسپریس ہائی وے اور سری نگر ہائی وے پر روٹ لگائے جائیں گے، ایکسپریس ہائی وے پر صبح سے دوپہر کے اوقات میں جبکہ سری نگر ہائی وے پر دوپہر اور رات کے اوقات میں ٹریفک روکی جائے گی۔
چیف ٹریفک آفیسر محمد سرفرز ورک نے شہریوں سے ایس سی او اجلاس کے کامیاب انعقاد میں تعاون کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری کسی بھی سفری دشواری سے بچنے کے لیے غیرضروری سفر سے اجتناب کریں اور متبادل راستوں کا انتخاب کریں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک کی تازہ ترین صورتحال جاننے کے لیے اسلام آباد پولیس کے ریڈیو ایف ایم 92.4 کو سنتے رہیں یا 15 پر رابطہ کریں۔
واضح رہے کہ ایس سی او سمٹ 2024 کے لیے اسلام آباد پولیس پہلے ہی ایک جامع اور مربوط سیکیورٹی پلان تشکیل دے چکی ہے۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ سرچ اور انفارمیشن بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے، تمام غیرملکی سربراہان، وفود اور غیرملکی مہمانوں کی بھرپور سیکیورٹی کو یقینی بنایا گیا ہے، پولیس کے ساتھ وزارت خارجہ، ضلعی انتظامیہ، پاکستان آرمی، رینجرز، ایف سی اور دیگر صوبائی پولیس، انٹیلیجنس ایجنسیاں، ٹریفک پولیس اور اسپیشل برانچ کے افسران و جوان بھرپور سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے اپنے فرائض ادا کر رہے ہیں۔
علاوہ ازیں، اسلام آباد انتظامیہ نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس کے دوران پیر، منگل اور بدھ 14 تا 16 اکتوبرمیٹروبس سروس بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ جڑواں شہروں سے اسلام آباد کی جانب چلنے ہر طرح کی میٹروبس سروس کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے مطابق پیر 14 اکتوبر، منگل 15 اکتوبر اور بدھ 16 اکتوبر کو میٹرو بس سروس بند رہے گی۔
اعلان کے مطابق صدرراولپنڈی تا پاک سیکریٹریٹ اسلام آباد’ریڈ میٹرو‘ اورینج لائن، بلیو اینڈ گرین میٹرو سروس بند رہے گی، اسی طرح الیکٹرک بس سروسز بھی ان 3 ایام کے دوران بند رہیں گی، ان میں ایف آر 4 ، ایف آر 9 ، ایف آر 3A ، ایف آر 7 بھی 17 اکتوبر تک بند رہیں گی۔
واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 اور 16 اکتوبر کو ’شنگھائی تعاون تنظیم‘ کا سربراہی اجلاس منعقد ہورہا ہے، اس اجلاس میں مختلف ممالک کے نمائندے اور وی وی آئی پیزشرکت کریں گے، کانفرنس میں شرکت کے لیے غیرملکی مہمانوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جس کی بنا پر اسلام آباد کی سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔