انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد 46 لاکھ 81 ہزار سے متجاوز


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد 46 لاکھ 81 ہزار سے تجاوز کرگئی۔ اس سال انکم ٹیکس گوشواروں کی تعداد میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
ایف بی آر کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں 115 فیصد زائد افراد نے ٹیکس گوشوارے جمع کرائے، گوشواروں کے ساتھ 69 ارب ٹیکس بھی وصول ہوا۔
ایف بی آر کے مطابق گزشتہ سال 14 اکتوبر تک 21 لاکھ 83 ہزار 553 ریٹرن فائل ہوئے تھے، گزشتہ سال کی نسبت اب تک 24 لاکھ 97 ہزار829 زیادہ گوشوارے جمع ہوچکے ہیں۔ گوشواروں کے ساتھ 121 ارب روپے وصول، 132 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
گزشتہ سال گوشواروں کے ساتھ ٹیکس وصولی 52 ارب روپے رہی تھی، اس سال 17 لاکھ 36 ہزار افراد نے قابل ٹیکس آمدن صفر ظاہر کی، جولائی 2023ءسے اب تک 10 لاکھ 95 ہزار 811 نئے افراد نے رجسٹریشن کی۔
ایف بی آر حکام کے مطابق 6 لاکھ 59 ہزار 504 نئے رجسٹرڈ افراد نے قابل ٹیکس آمدن صفر ظاہر کی، ایف بی آر نے گوشوارے جمع کرانے کی ڈیڈ لائن میں دوسری بار توسیع کی، ٹیکس ریٹرن اب 31 اکتوبر تک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔