کالج طالبہ مبینہ زیادتی کیس؛ ترجمان پنجاب پولیس نے شہریوں سے مدد مانگ لی


لاہور (قدرت روزنامہ)لاہور کے نجی تعلیمی ادارے میں طالبہ کے ساتھ مبینہ زیادتی کے غیر مصدقہ واقعے پر ترجمان پنجاب پولیس کا بیان سامنے آگیا۔
ترجمان پنجاب پولیس نے کہا کہ مبینہ واقعے کے متعلق اگر کسی شہری کے پاس کوئی بھی انفارمیشن ہے تو ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کو مطلع کریں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق شہری 15 پر کال یا ویمن سیفٹی ایپ کے ذریعے ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن سے رابطہ کر سکتے ہیں ۔ اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ غیر مصدقہ واقعے کے متعلق ہر پہلو کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے ۔ قانون و انصاف کی بالادستی کو ہر صورت مقدم رکھا جائے گا۔
علاوہ ازیں طالبات کے ساتھ ہراسگی کے خلاف لاہور میں آج بھی طلبہ کی جانب سے احتجاج کیا گیا، نجی کالج کے خلاف یونیورسٹی طلبہ بھی سڑکوں پر آگئے۔
جی سی یونیورسٹی کے اسٹوڈنٹس نے مال روڈ پر احتجاج کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی تک اینٹی ہراسمنٹ ریلی نکالی اور جی پی او چوک پر نعرے بازی کی۔ طلبہ نے نجی کالج کو بند کرنے اور حکومت سے ہراسگی کے خلاف فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کیا۔