عمران خان کی صحت کا معاملہ، پی ٹی آئی سیکریٹری جنرل کا بیرسٹر گوہر کے بیان سے عدم اتفاق
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبرپختونخوا کے سیکریٹری جنرل علی اصغر خان نے عمران خان کی صحت سے متعلق تشویش کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج مؤخر کرنے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔
سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان سے سرکاری ڈاکٹروں کی ملاقات کا نہیں بلکہ عمران خان کے ذاتی معالج کی ملاقات کا مطالبہ کیا تھا۔
انہوں نے کہاکہ سرکاری ڈاکٹروں کی رپورٹ پر قوم کو بھروسہ نہیں، حکومت نے اپنا وعدہ پورا نہ کرکے قوم کو دھوکہ دیا ہے۔
علی اصغر خان نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کو اپنا احتجاج مؤخر کرنے کا فیصلہ واپس لینے کا آج ہی اعلان کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ اس وقت ہمارے لیے عمران خان کی خیریت ہی سب سے زیادہ اہم ہے، اس کے علاوہ کوئی کانفرنس، کوئی اسمبلی یا ترمیم ہمارے لیے اہم نہیں۔
عمران خان کا طبی معائنہ ہوگیا اور وہ صحت مند ہیں، بیرسٹر گوہر
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے تصدیق کی ہے کہ ڈاکٹروں کو اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کی اجازت ملنے کے بعد بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ ہو گیا ہے اور وہ صحت مند ہیں۔
سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ عمران خان نے منگل کو ایک گھنٹا ورزش بھی کی۔
بیرسٹر گوہر نے اس بات کی تصدیق کی کہ منگل کو سرکاری ڈاکٹرز طبی ماہرین اورایک ای این ٹی اسپیشلسٹ کے ساتھ جیل پہنچے تھے۔
بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ منگل کی شام 4 بجے 2 ڈاکٹروں نے بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ کیا جس کے بعد ہمیں بتایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی خیریت سے ہیں اور وہ صحت مند ہیں اور انہوں نے ایک گھنٹا ورزش بھی کی ہے۔
بیرسٹر گوہر خان نے تصدیق کی کہ ہمیں بتایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی صحت مند ہیں، ہمیں جلد ہی ان کے طبی معائنے کی روپورٹس مل جائیں گی جوکارکنوں کے ساتھ شیئر کی جائیں گی، پی ٹی آئی کے کارکنوں کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق تشویش کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل پی ٹی آئی نے عمران خان کی صحت کے بارے میں یقین دہانی کے بعد اسلام آباد میں مجوزہ احتجاج ختم کردیا تھا اور کہا تھا کہ طبی ماہر آج ان کا معائنہ کرنے کے لیے اڈیالہ جیل جائیں گے۔